• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 169425

    عنوان: مسجد كا کچھ حصہ اگر پبلک پروپرٹی میں بن جائے تو اس میں نماز درست ہوگی یا نہیں؟

    سوال: میں ایک اپارٹمنٹ میں رہتاہوں جس کو سرکاری ضابطے کے مطابق بنایا نہیں گیاہے، اس میں چھ فلور ہیں ، گراؤنڈ فلور میں ایک پارکنگ اسپیس (جگہ)، جب بلڈر نے ان فلیٹوں کو بیچ دیا تو اس نے اس پارکنگ اسپیس کو ہر فلیٹ کے لیے مختص کردیا تھا اور رجسٹری اسٹامپ پیپر میں صاف صاف لکھا تھا کہ اس پارکنگ اسپیس کا ستعمال صرف گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے کیا جائے گا، اس میں یہ بھی لکھا گیا تھا کہ اس عام ایریا میں کسی قسم کی تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی،مگر اب کچھ فلیٹ کے مالکوں نے اس پارکنگ اسپیس کو مصلی میں بدل دیاہے اور اس میں پانچوں وقت کی نماز پڑھی جاتی ہے۔ بلڈر نے اپنے تمام فلیٹس کو بیچ دیاہے اور بلدنگ کی دیکھ ریکھ کے لیے ایک سوسائٹی قائم ہے، جن لوگوں نے اس پارکنگ اسپیس کو مصلی میں بدل دیا ہے انہوں نے تمام فلیٹس کے لوگوں سے اس بارے میں پوچھا نہیں تھا۔ (۱) اب سوال یہ ہے کہ کیا اس جگہ نماز پڑھنا درست ہے یا نہیں؟ اگر درست نہیں ہے تو پھر اس پارکنگ اسپیس کو مصلی میں تبدیل کرنے کا کیا طریقہ ہے؟ (۲) اگر سرکارے ضابطے کے مطابق مسجد نہیں بنائی جاتی ہے تو کیا اس مسجد میں نماز درست ہوگی یا نہیں؟ (۳) مسجد کچھ حصہ پبلک پروپرٹی میں بن جاتاہے تو اس میں نماز درست ہوگی یا نہیں؟ (۴) اگر مجھے معلوم ہو کہ کسی مسجد یا جگہ میں نماز نہیں ہوتی تو کیا تمام لوگوں کو اس بارے میں بتانا میرا فرض ہے؟ براہ کرم، قرآن و حدیث کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 169425

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 784-159T/B=11/1440

    جب بلڈر نے فروخت کرتے وقت نیچے کے حصہ کو پارکنگ کے لئے خاص کردیا تھا تو نیچے کا حصہ پارکنگ اسپیس ہی رہے گا۔ فلیٹ کے بعض مالکوں کا زبردستی اسے مصلیٰ بنانا درست نہیں۔

    (۱، ۲) وہ مصلیٰ مسجد شرعی نہ ہوگا یعنی وہاں نماز پڑھنے سے مسجد کا ثواب نہیں ملے گا۔

    (۳) بلکہ زبردستی نماز کے لئے قبضہ کرنے سے نماز مکروہ ہوگی۔ اس حصہ کو نماز پڑھنے کے لئے فلیٹ والوں کے متفقہ مشورہ سے مصلیٰ کے طور پر لے لیا جائے تو یہ مصلیٰ ہو جائے گا، مگر پھر بھی مسجد شرعی نہ ہوگی۔ مسجد شرعی کے لئے اوپر نیچے کسی دوسرے کی ملکیت نہ ہو؛ البتہ نماز بلاکراہت ہو جائے گی۔

    (۴) نماز تو ہو جائے گی مگر مسجد کا ثواب ستائیس گنا وہ نہیں ملے گا۔ اور زبردستی قبضہ کرنے کی صورت میں نماز کراہت کے ساتھ ہوگی۔ یعنی ثواب کم ہو جائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند