• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 6778

    عنوان:

    میں صوفیاء کی تعلیم وحدة الوجود کے بارے میں پریشان ہوں۔ میں نے دیکھاہے کہ بہت سارے لوگ خاص طور سے غیر مقلد کہتے ہیں کہ تبلیغی جماعت کے رہنما وحدة الوجود پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ صرف خدا موجود ہے اور اس کے علاوہ ہر چیز خدا کے اندر ہے؟ اگراہل السنت والجماعت کے مختلف مسلک کے درمیان مختلف آرا ء ہوں تو ذکر کریں۔

    سوال:

    جواب نمبر: 6778

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 661=608/ ل

    وحدة الوجود صوفیہ کی اصطلاح ہے جس کا حاصل یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا وجود کامل ہے اور اس کے بالمقابل تمام ممکنات کا وجود اتنا ناقص ہے کہ کالعدم ہے، عام محاورہ میں کامل کے مقابلہ میں ناقص کو معدوم سے تعبیر کیا جاتا ہے جیسے کسی بڑے علامہ کے مقابلہ میں تعلیم یافتہ کو یا کسی مشہور پہلوان کے مقابلہ میں معمولی شخص کو کہا جاتا ہے کہ یہ تو اس کے سامنے کچھ بھی نہیں، حالانکہ اس کی ذات اور صفات موجود ہیں، مگر کامل کے مقابلہ میں انھیں معدوم قرار دیا جاتا ہے، اسی طرح اللہ تعالیٰ کے وجودِ کامل کے مقابلہ میں تمام مخلوق کے وجود کو حضراتِ صوفیہ معدوم قرار دیتے ہیں، تقریر بالا سے معلوم ہوا کہ وحدة الوجود کے یہ معنی نہیں کہ سب ممکنات کا وجود اللہ تعالیٰ کے وجود سے متحد ہے، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ وجود کامل صرف واحد ہے بقیہ موجودات کالعدم ہیں جیسے کہ کوئی بادشاہ کے دربار میں درخواست پیش کرے بادشاہ اسے چھوٹے حکام کی طرف رجوع کا مشورہ دے اور یہ جواب میں کہے کہ حضور آپ ہی سب کچھ ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ سب حکام آپ سے متحد ہیں بلکہ مطلب یہ ہے کہ آپ کے سامنے سب حکام کالعدم ہیں۔

    واللہ تعالیٰ اعلم

    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند