• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 67843

    عنوان: ہم مسلک بدل کر حنفی مسلک پر آنا چاہتے ہیں تو ایسا کرنے کے لیے کیا طریقہ ہے؟

    سوال: ہم میاں بیوی بچپن سے شافعی مسلک پر عمل کرتے ہیں ،ہم کویت میں رہتے ہیں، شافعی مسلک میں اگر میاں بیوی غلطی سے ایک دوسرے کے جسم کے برہنہ حصہ کو چھولے تو وضو ٹوٹ جاتاہے اور سردی کے موسم میں یا جب ہم باہر جائیں تو وضو کرنا مشکل ہوجاتاہے، اس لیے ہم مسلک بدل کر حنفی مسلک پر آنا چاہتے ہیں تو ایسا کرنے کے لیے کیا طریقہ ہے؟

    جواب نمبر: 67843

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 956-770/D=11/1437

    اگر مجموعی طور پر حنفی مسلک کی طرف آپ کا رجحان ہو اس وجہ سے آپ اس مسلک کو اختیار کرلیں توحرج نہیں۔
    لیکن شافعی مسلک کے کسی ایک حکم کو مشکل و ناگوار سمجھنے کی وجہ سے مسلک تبدیل کرنا ٹھیک نہیں کہ اس میں اتباع ہوی (خواہش نفس کی پیروی) کا شائبہ ہے۔
    پھر حنفی مسلک میں اسی طرح کوئی حکم ناگوار و مشکل معلوم ہوا تو کیا کریں گے؟ لہذا طبیعت کے موافق ہو یا ناگوار ہو برضا و رغبت اپنے مسلک کے موافق حکم شریعت کی پابندی کرنی چاہئے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند