• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 43355

    عنوان: تقلید شخصی

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ تقلید شخصی آ ج کے دور میں فرض ہے یا واجب ہے ؟ اگر کوئی تقلید شخصی نہیں کرتا اور کسی امام کو غلط نہیں کہتا سب کو حق مانتا ہے ، تو کیا وہ دین پر چل رہا ہے ؟یا وہ دین سے ہٹا ھوا ہے ؟

    جواب نمبر: 43355

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 296-296/M=3/1434 خواہشات نفس کی پیروی سے بچنا مامور بہ ہے اور تقلید شخصی کے بغیر اس پر عمل دشوار ہے، بنا بریں تقلید شخصی واجب لغیرہ ہے کیوںکہ وہ ایک فرض وواجب کے حصول کا ذریعہ ہے، جو شخص عامی ہے یعنی جس کے اندر اجتہادی شان اورعلمی بصیرت نہیں ہے اس پر ائمہ اربعہ میں سے کسی ایک متعین امام کی تقلید واجب ہے، اگر وہ تقلید نہیں کرتا تو کیوں نہیں کرتا ہے؟ اس کی علمی لیاقت کیا ہے؟ ایک دومسئلے میں تقلید نہیں کرتا یا سارے اجتہادی مسائل میں نہیں کرتا؟ تقلید شخصی کے متعلق اس شخص کا کیا نظریہ ہے؟ اور مجتہد فیہ مسائل میں اس کا طریقہ کار کیا ہے؟ ان تمام باتوں کی فصاحت کے ساتھ استفتاء کیجیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند