• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 160536

    عنوان: تین شرطوں پر تین طلاق کی تعلیق کا حکم؟

    سوال: مفتی صاحب میرا سوال کچھ عجیب سا ہے ، عرض ہے کہ میں پردیس میں رہتا ہوں، یہاں نوکری کرتا ہوں، اکیلے رہتے ہوئے تنہائی اور اداسی سے دل بہلانے کے لیے میں نے نسوار کا نشہ شروع کیا اور پھر اس کے بعد ہوٹ کھینی رکھنی شروع کر دی، ہونٹ کھینی تمباکو کی ایک پڑیا ھے جسے ھونٹ کے نیچے رکھا جاتا ہے ، پہلے پہلے تو کم استعمال کرتا تھا پھر اچانک زیادہ استعمال شروع کر دیا یہاں تک کہ میری طبیعت بھاری ہونا شروع ہو گئی اور سانس پھولنا شروع ہو گئی، اس غم میں میں نے غصہ میں ایک دن یہ کہہ دیا کہ اگر میں نے ہوٹ رکھی تو میری بیگم کو طلاق، پھر اس کے بعد میں اپنے آپ پر قابو پا گیا اور ھوٹ کھینی کا استعمال چھوڑ دیا، پھر کچھ عرصے بعد پاکستان گیا تو وہاں دوسری قسم کی کھینی یا نسوار جسے تارا نسوار کہتے ہیں وہ کھانی شروع کر دی، وہ بھی ھوٹ کی طرح کی ہوتی ہے ، لیکن اس سے ذرا مختلف، چھٹی ختم ھوئی تو واپس پردیس میں آ کر دوسری قسم کی کھینی یعنی تمباکو پڑیا استعمال کرتا رہا، پھر ایک دن غصے میں یہ کہہ بیٹھا کہ اب میں نے کسی بھی قسم کی کھینی( یعنی ھوٹ اور اس اقسام کے دوسرے تمباکو) استعمال کی یا مشت زنی کی تو میری بیگم کو طلاق، میں نے ایسا اپنے آپ کو بچانے کے لیے کیا کہ اس برے عمل سے بچا رہوں، مگر چند دن سے شہوت کا شدید غلبہ ہے اور اس چیز کا بار بار ڈر لگا رہتا ہے کہ کہیں مشت زنی نہ کر بیٹھوں۔ از راہِ کرم مجھے بتائیں کہ میں کیا کروں، اور اللہ نہ کرے کہ اگر میں نے کسی بھی قسم کی کھینی استعمال کرلی یا مشت زنی کر لی تو میری بیگم کو طلاق واقع ہو جائے گی؟ اور کیا تین ہی ہو جائیں گی؟ میں نے دو دفعہ طلاق والی قسم کھائی ہے پہلی دفعہ میں صرف ھوٹ( کھینی )نہ کھانے کی دوسری دفعہ میں کسی بھی قسم کی کھینی یا مشت زنی نہ کرنے کی بطور احتیاط پوچھ رہا ہوں اگر کسی وقت نفس پر قابو نہ رہا اور میں نے پہلی قسم توڑتے ہوئے ھوٹ کھینی استعمال کر لی تو کیا دوسری قسم پہلی کو شامل ھو کر غیر مؤثر ہو جائے گی؟ اور اس کے بعد اگر مشت زنی کر لی جس سے دوسری قسم ٹوٹ گئی تو کیا الگ سے پھر دوبارہ طلاق پڑے گی۔ از راہ کرم ذرا جلد جواب مرحمت فرما دیں مہربانی ہوگی۔

    جواب نمبر: 160536

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:958-1017/H=10/1439

    ایک مرتبہ تو آپ نے یہ کہا ہے کہ اگر میں نے ہونٹ کھینی رکھی تو میری بیگم کو طلاق (ب) دوسری بار کہا تھا کہ ”کسی بھی قسم کی کھینی یعنی ہونٹ کھینی اور اس قسم کے دوسرے تمباکو استعمال کیا (ج) یا مشت زنی کی تو میری بیگم کو طلاق۔ یہ کل تین شرطوں پر تین طلاق کو علیحدہ علیحدہ آپ نے معلق کردیا جس کا حکم یہ ہے کہ جب بھی تینوں شرطوں میں سے کوئی شرط پائی جائے گی ہرشرط کے وجوود پر ایک طلاق واقع ہوگی اور جب تیسری مرتبہ ان شرطوں میں شرط پائی جائے گی تو تیسری طلاق واقع ہوجائے گی اس لیے اب بہت زیادہ احتیاط کریں اور پوری کوشش کرتے رہیں کہ کوئی بھی شرط نہ پائی جائے یعنی نہ ہونٹ کھینی رکھیں نہ کسی قسم کا تمباکو استعمال کریں نہ مشت زنی کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند