• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 555

    عنوان:

    میں جب بھی پیشاب کرتا ہوں تو مذی میرے انڈر ویر میں چپک جاتی ہے ،اور نماز پڑھتے ہوئے بھی نکل جاتی ہے، کیا اس طرح نماز پڑھنے سے میری نماز ہوجائے گی؟

    سوال:

    میں جب بھی پیشاب کرتا ہوں تو مذی میرے انڈر ویر میں چپک جاتی ہے ،اور نماز پڑھتے ہوئے بھی نکل جاتی ہے، کیا اس طرح نماز پڑھنے سے میری نماز ہوجائے گی؟

    والسلام

    جواب نمبر: 555

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 112/د=111/د)

     

    اگر وضو کرنے کے بعد مذی نکلی اور آپ کو اس کے نکلنے کا تقریباً یقین ہے تو اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، پھر سے وضو کرنا ضروری ہے بغیر پھر سے وضو کیے اسی حالت میں نماز پڑھنا درست نہیں ہے، نماز صحیح نہیں ہوگی۔

    اس لیے پیشاب کرکے چل پھر کر اطمینان کرلیں کہ کوئی چیز پیشاب کی نالی میں ایسی نہیں ہے جو نکلنا چاہ رہی ہے، یہ اطمینان کرنے کے بعد وضو کریں۔ احتیاطاً پیشاب کرنے کے کچھ دیر بعد یا کچھ قدم چلنے کے بعد وضو کریں تو یہ اطمینان حاصل ہوجائے گا۔ ان شاء اللہ

    رہا اَنڈرویر کی پاکی کا مسئلہ تو نکلنے والی مذی پھیلاوٴ میں ہتھیلی کی گہرائی سے زیادہ نہیں ہوتی ہے تو آپ مجبوراً و ضرورةً اس انڈرویر کو پہنے ہوئے نماز پڑھ سکتے ہیں، نماز کے لیے اس کو دھونا یا اتارنا واجب نہیں ہے۔

    اور اگر نکلنے والی مذی کا پھیلاوٴ ہتھیلی کی گہرائی سے زیادہ ہوگیا ہو خواہ ایک مرتبہ نکلنے سے یا کئی مرتبہ نکلی اور سب کا پھیلاوٴ ہتھیلی کی گہرائی سے زیادہ ہوگیا ہے تو انڈرویر کے اس حصہ کو دھونا یا انڈرویر اتارکر نماز پڑھنا ضروری ہے، نجاست لگی ہوئی حالت میں نماز پڑھنا درست نہیں ہوگا۔ یہ سب تفصیلات اس صورت میں ہیں جب آپ کو مذی یا پیشاب کے قطرہ کے نکلنے کا یقین ہے۔ اوراگر شک یا وسوسہ کے درجہ کی چیز ہے تو یہ وسوسہ شیطانی ہے اس کی وجہ سے نماز نہ توڑیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند