• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 403

    عنوان:

    جب میں پیشاب سے فارغ ہوتا ہوں تو کچھ قطرے بعد میں ٹپکتے ہیں۔ میں اپنے وضواور نماز کے سلسلے میں کیا کروں؟

    سوال:

    میں طہارت کے سلسلے میں ایک بات جاننا چاہتا ہوں۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ کچھ پیچیدگیوں کی وجہ سے بچپن میں میرا ختنہ ایسا ہوگیا ہے کہ جب میں پیشاب سے فارغ ہوتا ہوں تو کچھ قطرے بعد میں ٹپکتے ہیں۔ میں اس سلسلے میں کسی مستند عالم کی رائے جاننا چاہتا ہوں۔ میں اپنے وضواور نماز کے سلسلے میں کیا کروں؟ میں بہت کوشش کرتا ہوں کہ نماز کے وقت پیشاب نہ کروں، لیکن بہر حال میں اس صورت حال پر قابو نہیں پارہا ہوں۔ میں کیا کروں؟ میں مکمل طور ہر پاک و طاہر رہنا چاہتا ہوں۔ کیا میں وقتاً فوقتاً اپنا کپڑا بدلتا رہوں؟ یا مکمل طہارت حاصل کرنے کے لیے کیا کروں؟

     

     اطمینان بخش جواب عنایت فرمائیں، میں آپ کا شکر گزار ہوں گا۔

    جواب نمبر: 403

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 211/ل=211/ل)

     

    اس کے لیے بہتر یہ ہے کہ آپ نماز سے تقریباً آدھا گھنٹہ پہلے پیشاب کریں اور پانی سے استنجاء کرنے سے پہلے آپ ڈھیلے یا ٹوائلٹ پیپر کے ذریعہ استنجاء کریں اور جب تک قطروں کے نہ آنے کا یقین نہ ہوجائے اس وقت تک آپ پانی سے استنجاء نہ کریں اس کے باوجود اگر قطرے آگئے تو اس کو دھونا ضروری ہے، الحاصل شرعاً آپ معذور نہیں ہیں اس لیے آپ پر مکمل طہارت حاصل کرنے کی تدبیر کرنا ضروری ہے اور جو شکل میں نے استنجاء کرنے کی لکھی ہے ان شاء اللہ اس سے کافی فائدہ ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند