• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 167788

    عنوان: بار بار مذی آنے پر کپڑے دھونے کا کیا حکم ہے ؟

    سوال: امید کرتا ہوں کہ آپ خیریت سے ہوں گے .. محترم میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے مذی بہت آتی ہے اور سردیوں میں تو بہت ذیادہ ہر وقت مذی کے قطرے آتے رہتے ہیں.. نماز میں بھی کبھی آجاتے .. میں انڈر ویئر استعمال کرتا ہوں جب مذی آتی تو وہ کپڑوں پہ تو نہیں لگتی لیکن انڈر ویئر پہ ہی لگتی ہے .. تو کیا انڈر ویئر کو دھونا بھی ہر بار ضروری ہے ؟مذی ہر وقت نکلتی ہے تو کیا ہر بار انڈر ویئر دھونا ضروری ہے ؟ اور اگر نماز کے درمیان نکلے تو کیا نماز ہو جاتی ہے ؟ رہنمائی فرمائیں.. شکریہ.

    جواب نمبر: 167788

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 572-450/B=05/1440

    اگر آپ کو اس کثرت سے مذی آرہی ہے کہ اتنا موقعہ نہیں ملتا کہ پاکی کی حالت میں وضو کرکے فرض نماز ادا کرسکیں تو شرعاً آپ معذور شمار ہوں گے۔ آپ ہر نماز کا وقت شروع ہونے کے بعد تازہ وضو کریں اور انڈرویئر بدل کر نماز پڑھ لیا کریں۔ اگر نماز کے دوران مذی آئے جب بھی آپ کی نماز ہو جائے گی۔ لیکن اگر اس کثرت سے مذی نہیں آتی ہے بلکہ اتنا وقفہ ملتا ہے کہ انڈرویئر بدل کر وضو کرکے نماز ادا کرسکتے ہیں تو جب بھی نماز کے درمیان مذی آئے نماز ٹوٹ جائے گی اور پھر سے انڈرویئر بدل کر وضو کرکے دوبارہ نماز پڑھنی ہوگی۔ آپ کسی ماہر تجربہ کار حکیم سے اس کا یونانی علاج کرائیں تو اس پریشانی سے نجات پاجائیں گے۔

    -------------------------

    جواب صحیح ہے اور معذور کا مسئلہ بہشتی زیور سے اچھی طرح سمجھ لیں۔ (ن)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند