• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 171284

    عنوان: كیا شگر (شوگر) کے مریض کے لئے روزہ كا كیا حكم ہے؟

    سوال: مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ میری والدہ شگر کی مریض ہیں اور روزہ رکھنا انکے لئے ممکن نہیں ہو پا رہا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ سردی کے روزے ہوتے تو ممکن تھا کہ میں رکھ لیتی مگر گرمی میں صبح سے ہی حالت بہت خراب ہو رہی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ان کے لئے یہ اجازت ہے کہ وہ گرمی کے روزے چھوڑ دیں اور سردی کا انتظار کریں؟ پھر اگر سردی میں روزے ممکن ہو جائیں تو ان روزوں کی قضا رکھ لیں اور اگر سردی میں بھی ممکن نہ ہوں تو پھر فدیہ ادا کر دیں ؟ یا ان کو اس کی اجازت نہیں ہے اور ابھی ہی فدیہ ادا کرنا ہوگا ؟

    جواب نمبر: 171284

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:888-749/sd=10/1440

    جی ہاں ! اگر آپ کی والدہ ماہ رمضان میں روزہ رکھنے کی استطاعت نہیں رکھتیں ؛ البتہ سردی کے چھوٹے ایام میں روزہ رکھ سکتی ہیں، تو اُن کے لیے سردی کے ایام میں روزے کی قضاء ضروری ہے، ایسی صورت میں اُن کے لیے فدیہ دینا کافی نہیں ہوگا اور اگر آپ کی والدہ اتنی ضعیف ہوجائیں کہ وہ سردی کے چھوٹے دنوں میں بھی روزہ رکھنے پر قادر نہ ہوں اور بظاہر آئندہ بھی روزہ رکھنے کی استطاعت نہ ہو تو اس صورت میں وہ روزوں کے بدلے فدیہ دے سکتی ہیں، ایک روزے کا فدیہ صدقہ فطر کی مقدار کے برابر ہے، یعنی: ایک کلو ۶۳۳/ گرام گیہوں یا اس کی قیمت۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند