• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 177790

    عنوان: کیا صرف فرض نماز ہی مسجد میں پڑھنا سنت ہے؟

    سوال: (۱) کیا صرف فرض نماز ہی مسجد میں پڑھنا سنت ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا کیا عمل تھا؟ کیا میں گھر سنت پڑھ کر عین جماعت کے وقت مسجد میں آتا ہوں، فرض کے بعد فوراً گھر چلا جاؤں اور باقی سنت وہاں پڑھوں تو کیا یہ طریقہ صحیح ہے؟ اس بارے میں وضاحت فرمائیں۔ (۲) گھروں میں عام طورپر چوہے آتے ہیں تو ان کو پکڑنے کے لیے متیھون(mathion) رکھا جاتاہے اور بعد میں کھولتا ہوا پانی ان پر ڈا ل کر ان کو مار دیا جاتاہے ، کیایہ صحیح ہے یا غلط ؟ اگر غلط ہے تو صحیح طریقہ بتائیں ، اور کیا اس طرح مارنے پر گناہ ہوگا؟ (۳) شادی کے موقع پر نکاح سے دو یا تین دن پہلے سے لڑکے والے اپنی رشتہ داروں کو گھر پر جمع کرکے کھلاتے ہیں نکاح تک، اس طرح کی دعوت میں شرکت کی اجازت ہے یا نہیں؟ اور اس دعوت میں پوری فیملی کی عورتیں بھی ہوتی ہیں ، لیکن ان کا کھانا لاگ ہوتاہے تو کیا شریک ہوسکتی ہیں یا نہیں؟

    جواب نمبر: 177790

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 726-553/B=08/1441

    نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عادت شریفہ یہ تھی کہ صرف فرض نماز پڑھنے کے لئے مسجد میں تشریف لاتے تھے۔ فرض سے پہلے اور بعد والی سنت اپنے حجرہ مبارکہ میں ادا کرتے تھے مگر زمانہ کے احوال کے بدل جانے کی وجہ سے فقہاء متاخرین نے یہ فتویٰ دیا ہے کہ مسجد میں فرض سے پہلی والی اور فرض کے بعد والی دونوں سنتیں بھی مسجد ہی میں پڑھنی چاہئے۔ کیونکہ خواص کو سنت پڑھتا ہوا نہ دیکھ کر عوام بدظن ہو جاتے ہیں اور وہ سنتیں ہی ترک کر دیتے ہیں۔

    (۲) کسی جاندار کو گرم پانی سے مارنا جائز نہیں۔

    (۳) منڈھا کی دعوت مسنون دعوت نہیں ہے۔ یہ رواجی اور رسمی دعوت ہے اور غیر قوموں کا طریقہ ہے۔ ہمیں ایسی دعوت سے احتیاط کرنی چاہئے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند