• معاشرت >> اخلاق و آداب

    سوال نمبر: 176528

    عنوان: کھڑے ہو کر پیشاب كرنا

    سوال: میں جس آفس میں کام کرتاہوں وہاں یونیرل (مردوں کی پیشاب گاہ) لگاہے جہاں کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کا انتظام ہے ، عموماً آفس میں جو ڈریس پہن کر آفس جاتاہوں اس میں بیٹھ کر پیشاب کرنا ممکن بھی نہیں ، بیٹھ کر پیشاب کرنے کے لیے پاس میں ٹوائلیٹ ہے، وہاں جاکر پینٹ کھول کر پیشاب کرنا ممکن ہے، لیکن اس میں بہت زیادہ پرابلم ہوتی ہے اور ایسا بار بار کرنا ممکن بھی نہیں تو ایسی صور ت میں کیا کریں؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 176528

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 574-540/M=06/1441

    بلاعذر کھڑے ہوکر پیشاب نہیں کرنا چاہئے اور اتنا چست لباس نہیں پہننا چاہئے جس سے واجب الستر اعضاء کی ساخت معلوم ہو اور بیٹھنے میں دقت ہو، آفس میں کام کے اوقات میں آفس والا ڈریس پہننا اگر انتظامیہ کی جانب سے لازمی ہے تو اتنا تو کر سکتے ہیں کہ ڈریس ڈھیلا ڈھالا پہنیں تاکہ پیشاب وغیرہ کے لئے بیٹھنے میں دشواری نہ ہو، بہرحال صورت مسئولہ کا جواب یہ ہے کہ جب بیٹھ کر پیشاب کرنے کے لئے پاس میں ٹوائلیٹ موجود ہے تو ٹوائلیٹ میں جاکر بیٹھ کر پیشاب کر لیا کریں، اس شکل میں تھوڑی بہت پریشانی ہو تو اسے برداشت کریں ہاں اگر کبھی ٹوائلیٹ خالی نہ ہو اور تقاضہ شدید ہو اور آس پاس میں ایسی جگہ بھی نہ ہو جہاں بیٹھ کر پیشاب کر سکیں تو ایسی مجبوری میں مذکورہ یونیرل میں پیشاب کر لینے میں مضایقہ نہیں لیکن اس کی عادت نہ بنائیں اور اس کا خیال رکھیں کہ چھنٹیں نہ پڑیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند