• معاملات >> حدود و قصاص

    سوال نمبر: 37261

    عنوان: حرام غذا كے ڈر سے مانع حمل استعمال كرنا

    سوال: میری شادی کو ایک سال ہو گیا ہے، اور میں جب تک بچہ پیدا نہیں کرنا چاہتی جب تک میرے شوہر سود کی نوکری نہ چھوڑ دے ، وہ بھی اس بات پر راضی تھے، لیکن کافی کوششوں کے بعد بھی ان کو کوئی ایسی ملازمت نہیں ملی۔ اب ہماری فیملی چاہتی ہے کہ بچہ ہو جائے ، لیکن میں اپنے بچوں کو حرام نہیں کھلانا چاہتی، چاہے کتنے ہی سال گزر جائیں۔ میں ابھی ما ں نہیں بننا چاہتی، کیا میری یہ سوچ صحیح ہے؟کیوں کہ قران میں اللہ نے صاف کہا ہے سودی نظام ایک جنگ ہے اور میں حرام کھلا کر ایک نافرمان اولاد دنیا میں نہیں لانا چاہتی۔

    جواب نمبر: 37261

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 473=248-3/1433 اپنی اولاد کو حرام مال نہ کھلانے کے تعلق سے آپ کی سوچ درست ہے، البتہ آپ کی سوچ کہ جب تک میرے شوہر کو جائز ملازمت نہ مل جائے اس وقت تک بچہ نہ ہو، صحیح نہیں۔ ممکن ہے کہ اللہ رب العزت آپ کی نیک خواہش کی وجہ سے بچہ کی ولادت سے پہلے کوئی جائز ملازمت آپ کے شوہر کو دلوادے، آپ دونوں استغفار بھی کرتے رہیں اور آپ کے شوہر کو چاہیے کہ جائز ملازمت کی تلاش میں مزید کوشش بڑھائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند