• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 539

    عنوان: خواب میں دیکھا کہ مشرقی پاکستان والے گھر کے سامنے ایک انسانی سر کٹا ہوا کالا پڑا ہوا ہے ...

    سوال:

    میں خواب کی تعبیر پوچھنا چاہتی ہوں۔ میرے شوہر نے کل شام اور کل ہی رات کو دو خواب دیکھے ، آپ سے تعبیر چاہتی ہوں۔ اب ہم سعودی میں ہیں ، ۲۴سال پہلے پاکستان میں رہتے تھے، میرے شوہر ۳۷ سال پہلے مشرقی پاکستان میں رہتے تھے۔

    (1)  خواب میں دیکھا کہ مشرقی پاکستان والے گھر کے سامنے ایک انسانی سر کٹا ہوا کالا پڑا ہوا ہے۔ انھوں نے اٹھایا تو بہت ہی گرم تھا جس سے انھوں نے اندازہ لگایا کہ اس کو عذاب ہورہا ہے، تو وہیں اپنے گھر کی سیڑھی پر اسے رکھ دیا گھر کے باہر ہی اور اس پر کپڑا ڈال دیا۔ مگر ڈر ان کو ذرا بھی نہیں لگا۔ اتنے میں ایک آدمی آیا، اسی کے برابر دو تھیلیاں ڈال گیا اور جیسے کوڑے کرکٹ کی تھیلی ہو۔ میرے شوہر نے دیکھا کہ تو ایک تھیلی میں کوئی جانور تھا، بکرے کے برابر اور وہ زندہ تھا، اس کی آنکھ چمکتی نظر آرہی تھی اور سانس لینے کی آواز بھی۔ انھوں نے دیکھا کہ وہاں سے ایک سعودی آدمی گذرر ہا ہے، تو اسے بتایا کہ دیکھو یہ کیا ہے۔ بس آنکھ کھل گئی۔

    (2)  اسی رات دیکھا کہ ہمارے گھر کے سامنے ایک گھر ہے جس میں کوئی جاننے والے میاں بیوی رہتے ہیں۔ ان لوگوں نے اس سے آکر کہا کہ ان کے گھر میں جن ہیں جو سامنے چل رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اچھا آپ لوگ ہمارے ہی گھر رہ جائیں۔

    براہ کرم، دونوں خوابوں کی تعبیر بتلادیں۔

    والسلام

    جواب نمبر: 539

    بسم الله الرحمن الرحيم

    دونوں خواب ان شاء اللہ آپ لوگوں کے حق میں ذرا بھی نقصان دہ نہ ہوں گے، دو رکعت نماز پڑھ کر استغفار کرلیں اور اپنی دینی حالت اللہ پر بھروسہ کی کیفیت کو اچھی اور مضبوط بنانے کی کوشش کریں اگر دینی لحاظ سے نماز وغیرہ میں کوتاہی ہورہی ہو تو اس کی تلافی جلد کرنے کی کوشش کریں۔

    پہلے خواب کے پہلے خبر میں ڈر نہ لگنا اللہ پر بھروسہ ہونے کی علامت ہے اور دوسرے خبر میں سعودی آدمی کے آجانے پر آنکھ کا کھل جانا اس خواب کے بُرے اثر سے محفوظ ہونے کی علامت ہے۔ اور دوسرے خواب میں جنات کو گھر میں رہنے کی اجازت دینا اللہ تعالی پر بھروسہ ہونے اور اس کو نفع وضرر کا مالک سمجھنے پر یقین کی علامت ہے۔ اللہ تعالی ان علامتوں کی ان صفات کو آپ دونوں کے اندر مزید پیدا کرنے کا ذریعہ بنائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند