• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 175794

    عنوان: والدہ مرحومہ کو خواب میں دیکھنے کی تعبیر

    سوال: میری والدہ کا جنوری 2002 میں انتقال ہو گیا تھا ۔ اکلوتی اولاد ہونے اور والدہ سے قربت کی وجہ سے میں بہت غمگین رہنے لگا تھا۔ان کا انتقال ایک ہسپتال میں ہوا تھا۔ جس وقت ان کا انتقال ہوا ، میں وہاں موجود نا تھا اور گھر پر اپنی نانی کے پاس تھا ۔ جس کا مجھے بہت رنج تھا۔ ان کے انتقال کے بعد شدت رنج و غم میں ،میں نے اللہ سے دعا مانگنا شروع کردی جس کے الفاظ کچھ یوں تھے کہ "یااللہ ! تو ایک دفعہ خواب میں مجھ سے میری والدہ مرحومہ کی ملاقات کروا دے ۔ بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے اور تو سب کچھ کرسکتا ہے " کچھ دنوں بعد میں نے خواب دیکھا کہ والدہ مرحومہ گھر کے ڈرائنگ روم میں میرے سامنے بیٹھی ہیں اور میں حیرانگی سے کہہ رہوں کہ "امی ! آپ تو صحیح سلامت ہیں مگر آپ کا تو انتقال ہوچکا ہے اور آپ کو تو 70 یا 80 مرتبہ قرآن شریف پڑھ کر بخشا گیا ہے ۔ تو وہ مسکرا کر کہتی ہیں کہ "بس ہمارا جسم سن ہوگیا تھا پھر ہم بے ہوش ہوگئے تھے ۔ پھر ہمیں غسل دیا گیا۔ اور اب ہم ٹھیک ہیں اور ہم خود نہیں چاہ رہے تھے کہ تم اس وقت ہسپتال آو"۔ ابھی میں ان سے بات کر ہی رہا تھا کہ اچانک میری آنکھ کھل گئی تو فجر کی اذانیں شروع ہورہی تھیں اور مجھ پر کچھ دیر تک ایک عجیب سی کیفیت طاری رہی شاید دل کی دھڑکن بھی تیز تھی اور مجھے ایسا محسوس ہورہا تھا کہ جیسے میں کسی بہت دور جگہ سے ہوکر واپس آیا ہوں اور مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ آیا میں خواب میں بیداری کی حالت میں تھا یا اس وقت آنکھ کھلنے کے بعد حقیقت میں بیدار ہوا ہوں۔ یہ خواب دیکھنے کے بعد میں فجر کی نماز کیلئے مصلی بچھا کر کافی دیر تک روتا رہا جب یہ خواب میں نے اپنی خالہ کو بتایا جو اس وقت ہسپتال میں موجود تھیں تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ میری والدہ نے واقعی مجھے ہسپتال آنے سے منع کروایا تھا کہ شاید مجھے تکلیف ہوگی اور وہ آخری وقت میں اوپر کی طرف دیکھ رہی تھیں جیسے کسی کو دیکھ رہی ہوں اور پھر حقیقت میں بھی ان کے آخری الفاظ یہی تھے کہ "اب ہم بے ہوش ہو رہے ہیں۔

    جواب نمبر: 175794

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:414-328/N=5/1441

    آپ کا خواب ماشاء اللہ اچھا ہے اور اس خواب سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ آپ اور آپ کے دیگر عزیز واقارب وغیرہ آپ کی والدہ مرحومہ کے لیے جو کثرت سے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کرتے ہیں، اس کا انھیں خوب فائدہ پہنچ رہا ہے اور وہ عالم برزخ میں آرام وسکون کے ساتھ ہیں؛ لہٰذا آپ اور آپ کے عزیز واقارب وغیرہ ، والدہ مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا سلسلہ جاری رکھیں اور خود بھی زیادہ سے زیادہ نیک وصالح بننے کی کوشش کریں، اللہ تعالی ہم سب کو فکر آخرت اورآخرت کی تیاری توفیق عطا فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند