• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 1282

    عنوان:

    گذشتہ دنوں سے میں اپنی والدہ کے متعلق کچھ خواب دیکھ رہا ہوں ۔ بیدار ہونے کے بعد بڑی تکلیف دہ صورت حال ہوتی ہے، مجھ میں خوف اور سینے میں درد کا احساس ہوتا ہے ...

    سوال:

    گذشتہ دنوں سے میں اپنی والدہ کے متعلق کچھ خواب دیکھ رہا ہوں ۔ بیدار ہونے کے بعد بڑی تکلیف دہ صورت حال ہوتی ہے، مجھ میں خوف اور سینے میں درد کا احساس ہوتا ہے جس سے میں سو نہیں پاتا۔ میرا معمول ہے کہ سونے سے پہلے وضو کرکے بستر پر لیٹ کر سورہٴ فاتحہ تین بار، سورہٴ بقرہ کا پہلا رکوع، آیة الکرسی تین بار، سورہٴ بقرہ کا آخری رکوع، سورہٴ ملک، سورہٴ اخلاص تین بار، سورة الفلق تین بار، سورة الناس تین بار، استغفار چھ بار اورپھر آیة الکرسی سات آٹھ بار پڑھتا ہوں ۔ دو بجے رات کو میں نے خواب میں اپنی ماں کو اسی حالت (بیماری و معذوری) میں دیکھا جس میں وہ زندگی کی حالت میں تھیں۔ جب میری نیند کھلی، اس رات کو مجھے احتلام ہوا تھا، چناں چہ میں نے غسل کیا اورصبح کو دوبارہ سو گیا۔ پھر میں نے والدہ کو خواب میں دیکھا ، یہ فجر کا وقت تھا جب میری نیند کھلی میری فجر کی نماز کا وقت نکل چکا تھا۔ میرے دل میں کچھ خوف کا احساس تھا، سینے میں درد تھا۔ اگر رات میں میری نیند کھل جاتی ہے تو میں ڈر کی وجہ سے سو نہیں پاتا جب کہ میں دس بارہ گھنٹے تک سو سکتا ہوں لیکن جب رات میں نیند کھل جاتی ہے تو ڈرمحسوس ہوتا ہے۔ گذشتہ رات میں اپنے ایک رشتہ دار کے یہاں چلا گیا اور بارہ بجے رات کو واپس آیا اور عشاء کی نماز پڑھی۔ میں نماز پڑھ چکا ہی تھا کہ میں نے کچھ محسوس کرنا شروع کیا۔ میں نے بھائی سے پوچھا : کیا تم نے صابن سے اپنا منھ دھل ہے؟ اس نے انکار کیا۔ خوشبو اب بھی آرہی تھی۔ میں نے خوشبو کو پہچان لیا اور دیکھا کہ عطر کی شیشی وہاں رکھی ہوئی ہے۔ شیشی بند تھی اور میں نے اسے چار پانچ ماہ سے نہیں استعمال کیا تھا، لیکن خوشبو تیز تھی اور مسلسل آرہی تھی۔ میں نے اپنے مذکورہ معمولات پورے کیے اور سونے چلا گیا۔ خوشبو بدستور آرہی تھی اور میں کچھ بے چینی محسوس کررہا تھا۔ بہر حال مجھے نیندآگئی۔ فجر کے وقت میں نے والدہ کو اسی حال میں جو آخری وقت میں ان کا حال تھا۔ میرے ایک مسلم دوست میرے ساتھ تھے۔ میں اپنے آفس کی ساتھی(لڑکی) کا ایس ایم ایس پڑھ رہا تھا اوراس سے کہہ رہا تھا کہ فلاں جگہ آجاؤ۔ اس نے انکار کردیا۔اچانک میرا ذہن والدہ کی طرف گیا ، ان کو سخت بخار تھا۔ میں نے ان کو کچھ پانی دیا۔ انھوں نے پینے سے انکار کیا اور کہا کہ میرا کیا (یعنی تم کو میری فکر نہیں)۔ میں نے ان کو سینے سے لگالیا اور کہا :آپ تو سب سے بڑی ہو۔ اسی وقت مجھے خیال آیا کہ اللہ سب سے بڑا ہے۔ میں کلمہ پڑھنے لگا اور میری نیند کھل گئی۔ صبح کے سوا چھ بج رہے تھے۔ فجر کی نماز کا وقت نکل چکا تھا۔

    میں باتھ روم گیا ، ایک سگریٹ لی اور وضو شروع کیا۔ بالٹی کے پانی سے وضو کرنا شروع کیا، ہاتھ دھویا ، کلی کرنے کے دوران مجھے احساس ہوا کہ پانی رات سے کھلا ہوا تھا ، شاید اس میں کچھ گر گیا ہو۔ جب تک میں منھ دھل چکا تھا مجھے سر میں کچھ چکر اور تکلیف محسوس ہونی شروع ہوئی۔ مجھے لگا کہ جیسے واقعی پانی میں کچھ تھا۔ بہر حال میں نے وضو مکمل کیا اور بالٹی کا سارا پانی انڈیل دیا اور نماز پڑھنے کے لیے نکل آیا۔ میں نے نماز شروع کی، میرے بدن پر کپکپاہٹ طاری ہوگئی، میں خواب کی وجہ سے ڈرا ہوا تھا۔ میں نے نماز مکمل کرکے سورہٴ حشر کی آخری تین آیتیں، سورہٴ اخلاص، سورہٴ فلق، سورہٴ ناس پڑھنا شروع کیا۔نیز، حصن حصین سے کچھ دعائیں بھی پڑھیں۔ جوں جوں وقت گذرا، طبیعت کچھ سنبھلی اور خوشبو کا احساس بھی ختم ہوگیا۔ میں غسل کرکے آفس آگیا۔ آفس پہنچ کر سگریٹ لیا ، اس کے بعد گھٹن، سینے میں جلن پھر شروع ہوگئی۔ میں بہت زیادہ سگریٹ نوشی کرتا ہوں۔ لیکن پہلے ایسی کوئی پریشانی نہیں تھی۔میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ مجھے ان خوابوں کی تعبیر بتادیں۔ نیز، یہ خوشبو کیسی تھی؟درج بالا اعمال کرنے کے بعد میرے ساتھ ایسا کیوں ہوا؟ ممکن ہے کہ یہ سگریٹ نوشی کی وجہ سے ہو، اسے میں ترک کرنے کا ارادہ کررہا ہوں۔ اس سے چھٹکارا پانے کے لیے میں کیا کروں؟

    جواب نمبر: 1282

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى:  1276/هـ = 996/هـ)

     

    والدہ مرحومہ کے لیے ایصال ثواب میں قدرے کوتاہی ہے اور مکروہات بالخصوص سگریٹ نوشی کی بری عادت پختہ ہے اپنی اصلاح کی طرف خصوصی توجہ کرنے پر خواب میں تنبیہ ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند