• معاشرت >> نکاح

    سوال نمبر: 170630

    عنوان: جسے حقوق زوجیت صحیح طریقے پر ادا كرنے كا یقین نہ ہو‏، كیا اسے بغیر شادی كے زندگی گذارنے كی اجازت ہے؟

    سوال: (۱) اگر کسی کو یقین ہو کہ شادی کے بعد وہ حقوق اللہ اور حقوق العباد صحیح طریقے سے انجام نہیں دے پائے گی تو کیا وہ شادی کے بغیر زندگی گذار سکتی ہے؟ (۲) اگر روزے کی حالت میں حیض آجائے تو کیا دس بجے سے پہلے توڑ سکتی ہے اس کے بعد کچھ نہیں کھاپی سکتی ؟ (۳) کیا چھت کا فرش بھی زمین کے حکم میں آتاہے؟ اگر کوئی جانور پیشاب کردے تو سوکھنے کے بعد پاک ہوجاتاہے؟ (۴) میں نے ایم ایس سی میں اسکالرشپ لی تھی جس میں شرط تھی کہ والد کی انکم 30000سے زائد نہ ہو ، میرے والد کی انکم فکس نہیں ہے، اکثر منافع ہوتاہے، اور کبھی نقصان بھی، اگر اس منافع کا حساب لگایا جائے تو انکم 30000سے زائد ہوجاتی ہے، مجھے درخواست دیتے وقت انکم کا پتہ نہیں تھا، لیکن مجھے لگتا تھا کہ میں مستحق نہیں تھی، مجھ سے گھر والوں نے کہا کہ آپ کو والد اتنے پیسے نہیں دیتے ، آپ درخواست دیدو، اس لیے میں نے درخواست دیدی تھی، لیکن اب مجھے لگتاہے کہ میں نے صحیح نہیں کیا، کیوں کہ اگر اس شرط کو دیکھا جائے تو میں مستحق نہیں تھی، تو کیا یہ پیسہ لینا شرعاً ناجائز تھا؟ اگر ہاں تو کیا ادارے کو واپس کرنا ضروری ہے؟ میرے والد ادارے کو واپس دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، کیا ان پیسوں سے ٹیکس ادا کردینے سے قرض اتر جائے گا ؟یا ان پیسوں کو بغیر ثواب کی نیت سے صدقہ کردیاجائے؟ اگر والد پیسہ نہ دے تو کیا بیٹی خود کما کرواپس کرسکتی ہے؟ لیکن تب تو بہت دیر ہوجائے گی پھر ادارے کو کیسے دیں؟ تو کیا تب بغیر ثواب کی نیت سے صدقہ کردیں؟ (۵ ) کیا سودی بینک میں ضرورت کے وقت اکاؤنٹ کھولنا جائز ہے؟ اور جب ضرورت نہ ہو تو کیا اس کاؤنٹ کو اپنے بھائی کو استعمال کرنے کے لیے دے سکتے ہیں؟ یا کاؤنٹ بند کروادیا جائے؟ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 170630

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 920-138T/D=10/1440

    (۱) اگر حقوق اللہ اور حقوق العباد ادا نہ کرسکنے کا اندیشہ ہو تو خود اپنی رائے سے عمل نہ کرے بلکہ کسی متقی سمجھدار شخص سے مشورہ بھی کرلے نیز یہ بھی اندازہ کرے کہ بغیر شادی کے رہنے کی صورت میں عفت و پاکدامنی کی حفاظت کا بندوبست پورے طور پر ہو سکے گا یا نہیں؟

    (۲) روزہ رکھنے کے بعد حیض آنے سے روزہ ٹوٹ گیا اب کھانا پینا جائز ہے خواہ دس بجے سے پہلے حیض آیا ہو یا بعد میں۔

    (۳) زمین پر نجاست گر کر سوکھ جائے نجاست کا نشان بالکل ختم ہو جائے نہ تو نجاست کا دھبہ ہو نہ بدبو آتی ہو تو اس طرح سوکھ جانے سے زمین پاک ہو جاتی ہے۔ یہی حکم چھت کا بھی ہے جو رینٹ گارے چونہ سے بنائی گئی ہو۔

    (۴) آپ مذکورہ اِسکالرشپ کی مستحق نہیں تھیں ، ناحق غلط بیانی (والد کی انکم کم ظاہر کرکے) کرکے آپ نے حاصل کرلیا تو اگر رقم آپ نے لے کر خود خرچ کی تھی تو اس کی واپسی آپ پر لازم ہوگی نہ کہ والد کے ذمہ۔ اگر اس محکمہ کو واپس کرنا ممکن ہو تو واپس کردیں ورنہ صدقہ کردیں۔

    اس وقت اس قدر رقم صدقہ کرنے کی وسعت آپ کو نہیں ہے تو توبہ استغفار کرکے دل میں ارادہ کرلیں کہ جب بھی وسعت ہوگی میں ادا کردوں گی خواہ تھوڑی تھوڑی مقدار ہی ادا کرتی رہیں۔

    (۵) ضرورت کی بنیاد پر سودی بینک میں اکاوٴنٹ کھولنا جائز ہے خود ضرورت پوری ہو جانے پر اطمینان ہو تو بھائی کو اکاوٴنٹ استعمال کرنے کے لئے دے سکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند