• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 170298

    عنوان: جمعہ سے پہلے منبر پر بیٹھ کر وعظ وتقریر کرنے کا حکم

    سوال: جمعہ سے قبل وعظ تقریر منبر پر بیٹھ کر کرنا کیسا ہے اور سنت طریقہ کیاہے ؟

    جواب نمبر: 170298

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:803-654/N=9/1440

     جمعہ کے دن جمعہ سے پہلے وعظ وتقریر وغیرہ کرنا جائز ہے اور بعض صحابہ کرامسے اس کا ثبوت ہے؛ چناں چہ حضرت عمرکی اجازت سے حضرت تمیم داری خطبہ جمعہ سے پہلے وعظ فرمایا کرتے تھے جیساکہ ملا علی قارینے الموضوعات الکبری کے مقدمہ (ص ۲۰، مطبوعہ: کتب خانہ نور محمد کراچی)میں ابن عساکر کے حوالہ سے نقل فرمایا ہے۔ اسی طرح حضرت ابو ہریرہکا بھی یہی معمول تھا (فتاوی محمودیہ ۸: ۲۵۶، سوال: ۳۷۹۳، مطبوعہ ادارہ صدیق ڈابھیل)؛البتہ بہتر یہ ہے کہ وعظ جمعہ کی اذان ثانی سے پانچ دس منٹ پہلے ختم کردیا جائے؛ تاکہ وعظ کے دوران آنے والے حضرات وعظ میں شریک ہوجایا کریں اور سنتیں وعظ کے بعد پانچ دس منٹ کے وقفہ میں پڑھ لیا کریں، اور یہ وعظ چوں کہ خطبہ جمعہ سے الگ ہے؛ اس لیے مناسب یہ ہے کہ یہ وعظ منبر سے ہٹ کر کرسی پر بیٹھ کر یا کھڑے ہوکر کیا جائے؛ تاکہ ہیئت خطبہ کا ایہام نہ ہو(امداد الفتاوی، ۱: ۶۴۹، مطبوعہ: مکتبہ اشرفیہ دیوبند)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند