• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 165587

    عنوان: كمپنی سے بہت كم ٹائم ملتا ہے‏، میں جمعہ كس طرح ادا كروں؟

    سوال: میں ایک کمپنی میں کام کرتاہوں ، مجھے صرف تیس منٹ دوپہر کے کھانے کے لیے وقت ملتے ہیں جو مسجد میں نماز پڑھنے کے لیے بہت کم ہیں کیوں کہ مسجد بہت دور ہے اور کمپنی میں مسلسل بریک ٹائم سے لیٹ آنے کو برداشت نہیں کیا جاتاہے، تو مجھے کیا کرنا چاہئے؟ مشورہ دیں کہ میں کیسے جمعہ کی نماز پڑھوں؟ کیا اس کمپنی کو چھوڑ دوں یا میں ظہر کی نماز پڑھوں؟

    جواب نمبر: 165587

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 91-95/D=2/1440

    ظہر کی نماز کے لئے اگر مسجد نہ جاسکیں تو کمپنی ہی میں کسی جگہ تنہا یا جماعت کے ساتھ پڑھ لیا کریں البتہ جمعہ کی نماز تنہا نہیں پڑھی جاسکتی اس لئے کوئی راستہ نکالنا آپ کے لئے ضروری ہے کمپنی جس جگہ واقع ہے اگر وہ شہر قصبہ یا بڑا گاوٴں ہے تو جمعہ کے دن جمعہ کی نماز ادا کرنا فرض ہے اس کا ترک کرنا سخت گناہ ہے اور اللہ تعالی کی رحمتوں سے محرومی کا باعث ہے آپ منیجر سے گفتگو کریں اگر وہ نہ مانے اور دوسرا کوئی متبادل ذریعہ معاش (نوکری) مل جائے تو اسے چھوڑ دیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند