• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 160861

    عنوان: جمعہ كے خطبہ كا مقصد كیا ہے؟ اور خطبہ ترنم كے ساتھ دینا كیسا ہے؟

    سوال: ہمارے شہر میں خصوصاً نوجوان ائماء کا رجحان خطبئہ جمعہ کو لیکر ایسا ہوگیا ہے کہ وہ یوٹیوب یا کسی اور ویب سائٹ سے کوئی بزرگ عالم کا برسوں قبل دیا ہوا خطبہ ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں پھر اسے رٹ کر یاد کر لیتے ہیں اور جمعہ میں بڑے اہتمام سے ترنم کے ساتھ پڑھ لیتے ہیں اور خوب واہ واہ حاصل کرتے ہیں موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے خطبہ دینے کی زحمت بلکہ کوشش بھی نہیں کرتے ۔ سوال یہ کہ خطبئہ جمعہ کا مقصد کیا ہے کیا ایسا کرنے سے اس کا مقصد فوت نہیں ہو جاتا اس تعلق سے رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 160861

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:987-848/sd=8/1439

    جمعہ کے خطبے کا مقصد اللہ تعالی کی حمد و ثنا و غیرہ کرنا ہے ؛ اسی لیے خطبہ عربی زبان میں دیا جاتا ہے ، صحابہ کرام نے عجمیوں کے سامنے عربی زبان میں خطبہ دیا ، اور عجمی عربی نہیں جانتے تھے ، حالانکہ اسلام ابتدائی حالت میں تھا اور وقت کا تقاضا تھا کہ خطبہ سامعین کی زبان میں دیا جائے اور اسلام کی حقانیت اور باطل سے نفرت خطبہ میں بیان کی جائے ؛ لیکن خطبہ سے یہ مقصد حاصل نہیں کیا گیا ، اس سے معلوم ہوا کہ خطبہ کی مشروعیت کا مقصد مخاطب کو وعظ و نصیحت کرنا ، حالات حاضرہ پر بات کرنا نہیں ہے ، لہذا ائمہ کے بارے میں آپ کا مذکورہ اعتراض صحیح نہیں ہے ، البتہ خطبہ میں ایسا ترنم جو بتکلف ہو قابل احتراز ہے اور خطبہ مسنونہ کا پڑھنا زیادہ بہتر ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند