• عبادات >> جمعہ و عیدین

    سوال نمبر: 156001

    عنوان: كسی وجہ سے جمعہ بند ہوگیا تھا كیا اب دوبارہ شروع كرسكتے ہیں؟

    سوال: حضرت، ہمارے یہاں دو مسجدیں ہیں، ایک مسجد میں پندرہ سال یا اس سے زیادہ یا کم ایک دو سال ،جمعہ کی نماز کسی وجہ سے بند ہوگئی تھی، تو کیا اب اس مسجد میں دوبارہ جمعہ ہو سکتا ہے؟ جب کہ دوسری مسجد میں باقاعدہ جمعہ ہوتا ہے، اور میں گاوٴں میں رہتا ہوں۔

    جواب نمبر: 156001

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:161-135/D=3/1439

    (۱) مذکورہ مسجد میں جمعہ کی نماز کیوں بند ہوئی تھی؟

    (۲) اگر وہ جگہ (آپ کا گاوٴں) بڑا گاوٴں ہے جو مثل قصبہ معلوم ہوتا ہو تب تو وہاں جمعہ جائز ہے اور جس جگہ جمعہ جائز ہوتا ہے وہاں ایک سے زائد مسجد میں بھی جمعہ ادا کرنا جائز ہوجاتا ہے اور اگر آپ کا گاوٴں بڑا گاوٴں مثل قصبہ نہ ہو تو پھر مقامی مفتیان کرام سے معائنہ کراکے اولاً یہ طے کریں کہ جمعہ ادا کرنا آپ کے گاوٴں میں جائز ہے یا نہیں؟

    اگر بعد معائنہ مفتیان کے حکم کے مطابق جمعہ جائز ہے تو پھر پہلی مسجد میں بھی جمعہ پڑھنا جائز ہوگا بشرطیکہ کسی شرعی رکاوٹ کی بنا پر وہاں جمعہ بند نہ کیا گیا ہو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند