• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 171943

    عنوان: مسلمان اور مومن میں کیا فرق ہے؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام درج ذیل مسئلہ کے متعلق؛ (1) مسلمان اور مومن ان دونوں میں کیا فرق ہے؟ (2) مسلمان اور مومن ان دونوں میں بڑا درجہ و مقام کس کا ہے؟ (3) کیا اللہ کے حضور مسلمان اور مومن دونوں کے انعامات ایک جیسے ہیں یا الگ الگ؟ (4) مسلمان اور مومن ان دونوں میں جس کا درجہ چھوٹا ہو تو بڑے درجے کو پہنچنے کی کیا شرائط ہیں؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب معہ حوالہ عنایت فرما کر عنداللہ ماجور ہوں۔

    جواب نمبر: 171943

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:961-95T/sd=11/1440

    ( ۱تا ۴) ایمان اصطلاح شرع میں تصدیق قلبی کا نام ہے، یعنی دل سے اللہ تعالی کی توحید اور رسول کی رسالت کو سچا ماننا اور اسلام نام ہے اعمال ظاہرہ میں اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرنے کا؛ لیکن شریعت میں تصدیق قلبی اس وقت تک قابل اعتبار نہیں جب تک اس کا اثر جوارح کے اعمال و افعال تک نہ پہنچ جائے جس کا ادنی درجہ یہ ہے کہ زبان سے کلمہ کا اقرار کرے، اسی طرح اسلام اگرچہ اعمال ظاہرہ کا نام ہے؛ لیکن شریعت میں اس وقت تک معتبر نہیں جب تک دل میں تصدیق نہ آجائے، اس طرح اسلام و ایمان مبدأ اورمنتہی کے اعتبار سے تو الگ الگ ہیں کہ ایمان باطن اور قلب سے شروع ہوکر ظاہر اعمال تک پہنچتا ہے اور اسلام افعال ظاہرہ سے شروع ہوکر باطن کی تصدیق تک پہنچتا ہے ؛ مگر مصداق کے اعتبار سے ان دونوں میں تلازم ہے کہ ایمان اسلام کے بغیر معتبر نہیں اور اسلام ایمان کے بغیر شرعا معتبر نہیں( معارف القرآن) گویا لغوی معنی کے اعتبار سے تو دونوں میں فرق ہوسکتا ہے؛ لیکن دونوں کے شرعی مصداق میں کوئی فرق نہیں ہے، لہذا شریعت کی نظر میں دونوں کے انعامات اور دونوں کا مقام و مرتبہ بھی برابر ہوگا ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند