• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 145

    عنوان:

    حیات النبی کے بارے میں دیوبندیوں اور وہابیوں کا کیا عقیدہ ہے؟

    سوال: از راہ کرم، مجھے بتائیں کہ دیوبندیوں کا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں ، آپ کی زندگی اور زندگی کے بعد کے بارے میں کیا عقیدہ ہے؟اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں وہابیوں کا کیا عقیدہ ہے؟کیوں کہ کچھ لوگ خصوصاً بریلوی کہتے ہیں کہ دیوبندی نبی کو صرف ایک بڑے بھائی کا درجہ دیتے ہیں اور وہابیوں کا بھی یہی خیال ہے۔ اگر آپ دیوبندیوں، وہابیوں اور بریلویوں کے صحیح عقائد کی طرف رہ نمائی فرمائیں تو میں اپنے ایمان و عقیدہ کو مضبوط کرسکتا ہوں اور اس صراط مستقیم کو اختیار کرسکتا ہوں جو اللہ تعالی، نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کا راستہ ہے۔ شکریہ!

    جواب نمبر: 145

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوی: ۱۳۷/م= ۱۳۴/م)

     

    علمائے دیوبند کے وہی عقائد ہیں جو صحابہ سلف صالحین علمائے اہل سنت والجماعت کے عقائد ہیں، من جملہ ان عقائد کے یہ عقیدہ بھی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم، اللہ کے رسولوں میں سب سے افضل رسول ہیں۔آپ خاتم النّبیین ہیں، نبوت کا سلسلہ آپ پر تام اور مکمل ہوگیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی نوع کے اعتبار سے بشر ہیں؛ بلکہ افضل البشر اور تمام انسانوں کے سردار ہیں۔ آپ کی شان اتنی بلند اور آپ کا مرتبہ اتنا اونچا ہے کہ وہ مرتبہ نہ کسی بشر کا ہے نہ فرشتہ کا نہ کعبہ کا نہ لوح و قلم کا، حتی کہ نہ عرشِ عظیم کا، غرض یہ کہ اللہ رب العزت کے بعد ساری مخلوقات اور کائنات میں آپ ہی کا مقام و مرتبہ ہے ع ?بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر? نیز ہمارے اکابر کا یہ بھی عقیدہ ہے کہ آ پ کا جسم اطہر روضہٴ اقدس میں محفوظ ہے اور آپ حیاتِ جسمانی کے ساتھ حیات ہیں، آپ کی یہ حیات برزخی ہے مگر حیاتِ دنیوی سے بھی قوی تر ہے۔ وہابی حضرات (شیخ محمد بن عبدالوہاب کے متبعین) عقائد میں اہل سنت والجماعت کے پیروکار ہیں۔ اور مذکورہ عقائد کے وہ بھی قائل ہیں۔ البتہ بریلوی حضرات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق عقیدے کے سلسلے میں غلو کرتے ہیں اور آپ کے لیے بعض وہ صفات ثابت کرتے ہیں جو اللہ رب العزت کے ساتھ خاص ہیں، مثلاً یہ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ?عالم الغیب? ہیں۔ آپ ?مختار کل? (ہرطرح کا آپ کو اختیار حاصل ہے) آپ ہرجگہ ?حاضر و ناظر? ہیں، اسی طرح بعض وہ عقیدہ رکھتے ہیں جو قرآن کی نصوص صریحہ کے خلاف ہے، مثلاً آپ کی بشریت کا انکار کرتے ہیں وغیرہ وغیرہ۔ رہا بریلوی حضرات کا یہ کہنا کہ علمائے دیوبند اور وہابی حضرات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو صرف بڑے بھائی کا درجہ دیتے ہیں، محض افتراپردازی اور بہتان تراشی ہے۔ علمائے دیوبند نے ان تمام عقائد سے اپنی برأت ظاہر کی ہے۔ اور واضح کیا ہے کہ ان کا عقیدہ وہی ہے جو اہل سنت والجماعت کا عقیدہ ہے۔ فقط


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند