• معاملات >> وراثت ووصیت

    سوال نمبر: 173897

    عنوان: شوہر کی وفات کے بعد بیوی كو كتنی وراثت ملے گی اگر اولاد نہ ہو

    سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین مفتیان شرع متین کہ عبد المتین کا انتقال ہوا ہے اور اس کی ایک بیوی ہے اور کوئی اولاد نہیں ہے اور تین بھائی اور ایک بہن ہیں نیز والد بھی حیات ہے مرحوم کی بیوی کا مطالبہ ہے کہ ہم کو ہمارا حصہ دے دو پھر ہم جہاں چاہے رہیں گے لہٰذا مرحوم کے والد پراس وقت کیا یہ لازم ہے اور ہے تو کتنا دیں گے جواب مرحمت فرما کر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں ۔

    جواب نمبر: 173897

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 201-167/M=02/1441

    اولاد نہ ہو تو بیوی کو مرحوم شوہر کے ترکہ سے ایک چوتھائی حصہ ملتا ہے، صورت مسئولہ میں اگر عبد المتین نے بوقت انتقال اپنی ملکیت میں ترکہ چھوڑا ہے تو بیوی شرعاً ایک چوتھائی کی حقدار ہے اگر عبد المتین کی والدہ ، عبد المتین سے پہلے انتقال کر چکی تھیں تو مذکورہ صورت میں اس کا جملہ ترکہ مملوکہ بعد ادائے حقوق مقدمہ علی الارث، کل 4 حصوں میں منقسم ہوگا جن میں سے ایک چوتھائی یعنی ایک حصہ بیوی کو اور بقیہ 3 حصے باپ کو مل جائیں گے، اور والد کی موجودگی میں مرحوم کے بھائی بہن کو کوئی حصہ نہیں ملے گا اور اگر عبد المتین نے اپنی ملکیت میں کچھ بھی مال نہیں چھوڑا تو بیوی کو مطالبے کا حق نہیں اور مرحوم کے والد پر اپنی ملکیت سے دینا لازم نہیں۔

    کل حصے   =             4

    -------------------------

    زوجہ         =             1

    باپ         =             3

    اخ           =             محروم

    اخ           =             محروم

    اخ           =             محروم

    اخت       =             محروم

    --------------------------------


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند