• متفرقات >> تاریخ و سوانح

    سوال نمبر: 48104

    عنوان: سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے وصال سے متعلق کیا تفصیل ہے؟

    سوال: سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے وصال سے متعلق کیا تفصیل ہے؟

    جواب نمبر: 48104

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1339-1325/N=11/1434-U حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کا وصال صحیح روایت کے مطابق حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اس دنیا سے تشریف لے جانے کے چھ ماہ بعد ۳/ رمضان ۱۱ہجری کو ہوا، اس وقت حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی عمر صحیح روایت کے مطابق ۲۹/ سال یا اس سے کچھ کم تھی، حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے بعد اکثر بیمار وغمگین رہا کرتی تھیں، انتقال کے قریب ان کی طبیعت سخت ناساز ہوگئی، حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو معلوم ہوا تو آپ رضی اللہ عنہ ان کے پاس تشریف لے گئے، خیر خیریت دریافت فرمائی اور مسئلہ میراث کے سلسلہ میں حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کو حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ سے جو ناراضگی تھی حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اسے دور فرمایا اور گھر آکر اپنی اہلیہ حضرت اسما بنت عمیس رضی اللہ عنہا سے فرمایا: حضرت فاطمہ کی تیمار داری میں ان کے پاس جاکر رہو، چناں چہ وہ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے انتقال فرمانے تک انہی کے پاس رہیں۔ انتقال سے پہلے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے انھیں غسل وغیرہ کے متعلق وصیت فرمائی، پھر ان کی وصیت کے مطابق انھیں غسل دیا گیا، غسل دینے والوں میں حضرت علی رضی اللہ عنہ، حضرت اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا اور حضرت سلمی ام رافع رضی اللہ عنہا تھیں اور جنازہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے پڑھائی۔ بعض روایات میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے بجائے حضرت عباس رضی اللہ عنہ اور بعض میں حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا ذکر آیا ہے، اور قبر میں دفن کے وقت حضرت علی رضی اللہ عنہ اور فضل بن عباس رضی اللہ عنہما داخل ہوئے (مزید تفصیل کے لیے البدایہ والنہایہ: ۸/۲۴۴، ۹: ۴۸۸- ۴۹، تاریخ الخمیس: ۱/۲۷۷، ۲۷۸ اور تاریخ طبری: ۳/۲۴۰، ۲۴۱ وغیرہ دیکھیں)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند