• عبادات >> حج وعمرہ

    سوال نمبر: 166021

    عنوان: ناپاکی کی حالت سعی كرنے كا حكم؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام درج ذیل مسئلے کے بارے میں کہ ناپاکی کی حالت میں صفا اور مروہ کی سعی کرسکتے ہیں کیا؟ بعض اردو فتاوی میں جائز لکھا ہے اور بعض میں ناجائز،اس سلسلے میں کیا صحیح ہے مدلل اور تشفی بخش جواب عنایت فرمائیں، بہت بہت مہربانی ہوگی۔

    جواب نمبر: 166021

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 98-247/SN=4/1440

    کن فتاویٰ میں جائز اور کن میں ناجائز لکھا ہے ان کا تفصیلی حوالہ درج کرنا چاہئے تھا؛ تاکہ مراجعت کی جاسکتی، بہرحال غنیة الناسک اور دیگر کتب فقہ میں یہ تصریح موجود ہے کہ ”سعی“ کے لئے جنابت یا حیض سے طہارت شرط نہیں ہے؛ اس لئے ناپاکی کی حالت میں سعی کرنا جائز ہوگا۔ ولایجب فیہ الطہارة عن الجنابة والحیض سواء کان سعي عمرة أو حج؛ لأنہ عبادة توٴدی لا فی المسجد الحرام الخ (غنیة الناسک، ص: ۱۷۵، ط: سہارنپور) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند