• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 175330

    عنوان: بعض رشتہ دار ڈاڑھی کا مذاق اڑاتے ہیں، کیا کیا جائے؟

    سوال: میرے خالو اور خالہ اور دیگر کچھ لوگ میری داڑھی فکا مذاق اڑاتے اور برا بھلا کہتے ہیں ، میری ایک نماز چھوٹنے سے بولتے ہیں کہ پہلے اپنے دل کو بناؤ اور پھر داڑھی رکھو ، شادی کے بعد داڑھی رکھو، اس وجہ سے میں ان سے زیادہ ملنا چھوڑدیا ہے، غرض سے زیادہ فون پر بھی بات نہیں کرتا، اور نہ جانے آج کل اکثر و بیشتر ہر انسان مجھے الگ نظریہ سے دیکھتا ہے، مجھے ناپسند کرتاہے ، جب کہ وہ خود مسلمان ہے ، ایسے میں مجھے کیا کرنا چاہئے؟

    جواب نمبر: 175330

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:318-270/N=4/1441

    جو لوگ داڑھی کا یادین کی کسی بھی بات کا مذاق اڑاتے ہیں، وہ ایسے ہی لوگ ہیں، جنھیں دنیا کی زیادہ فکر ہے، آخرت کی کم یا بالکل نہیں؛ لہٰذا آپ ایسے لوگوں کے نا زیبا تبصروں یا جاہلانہ مذاق سے پریشان نہ ہوں؛ بلکہ ان کے لیے دعائے خیر ہی کریں۔ اور اگر ان کی تبصرہ بازی زیادہ تکلیف دہ ہو تو ایسے لوگوں سے ملنا جلنا کم کردیں۔ اور خدارا آپ کسی کے بہکاوے میں آکر داڑھی نہ منڈائیں اور نہ ایک مشت سے چھوٹی کرائیں۔اور رہی رشتہ کی بات تو داڑھی والوں کا بھی رشتہ آتا ہے؛ بلکہ بہتر اور سچے دین دار گھرانے کا آتا ہے؛ لہٰذا اِس کی فکر نہ کریں اور نمازوں کا بھی خاص اہتمام کریں۔ اللہ تعالی آپ کو فلاح دارین سے سرفراز فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند