• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 171764

    عنوان: کھانے کے بعد کی دعا كے بارے میں

    سوال: کھانا کھانے کے بعد عموما درج ذیل دعا پڑھی جاتی ہے ۱۔ الْحَمْدُ لِلَّہِ الَّذِی أَطْعَمَنَا وَسَقَانَا وَجَعَلَنَا مُسْلِمِینَ . رواہ أبو داود (3850) ، والترمذی (3457) -۲الْحَمْدُ لِلَّہِ حَمْدًا کَثِیرًا طَیِّبًا مُبَارَکًا فِیہِ غَیْرَ مَکْفِیٍّ وَلَا مُوَدَّعٍ وَلَا مُسْتَغْنًی عَنْہُ رَبَّنَا " بخاری (5458) -۳"الْحَمْدُ لِلَّہِ الَّذِی أَطْعَمَنِی ہَذَا وَرَزَقَنِیہِ مِنْ غَیْرِ حَوْلٍ مِنِّی وَلَا قُوَّةٍ" ترمذی (3458 ) وابن ماجہ ( 3285 ) ۱۔ حدیث نمبر ۱ ضعیف ہے (سند میں حجاج بن ارطاة متکلم فیہ راوی ہیں، اور ابن اخی سعید مجہول ہیں) کیا یہ بات درست ہے۔ ؟ -۲ باقی دونوں احادیث کی سند کے بارے میں بھی بیان فرما دیں۔ -۳ مندرجہ بالا احادیث میں سند کے اعتبار سے کون سی حدیث زیادہ قوی ہے۔ تاکہ میں اسکو یاد کرکے عمل کرسکوں۔ جواب دے کر شکرہ کا موقعہ دیں۔

    جواب نمبر: 171764

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1204-1080/H=12/1440

    (۱) حجاج بن ارطاة اگرچہ متکلم فیہ ہیں ، لیکن حسن درجے کے راوی ہیں، البتہ ابن اخي سعید مجہول راوی ہیں جس کی وجہ سے حدیث ضعیف ہے لیکن اس حدیث کو امام ابوداوٴد نے اپنی سنن میں ذکر کیا ہے اور اس پر سکوت اختیار کیا ہے اور امام ابوداوٴد نے اپنے رسالہ میں لکھا ہے ”مالم أذکر فیہ شیئاً فہو صالح“ (جس حدیث کے سلسلے میں ، میں کوئی بات نہ لکھوں وہ حدیث صالح ہے) (مقدمہ ابن صلاح: ۱۸۱) ۔ علامہ زاہد کوثری رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ صالح سے مراد عام ہے یعنی امام ابوداوٴد کی مسکوت عنہ حدیثیں کہیں صالح للاحتجاج ہوں گی اور کہیں صالح للاعتبار ہوں گی۔ (حدیث اور فہم حدیث: ۱۹۱تا ۱۹۶) اور اسی طرح کی کتاب حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اپنی کتاب ”النکث علی ابن الصلاح“ (۱/۴۳۵تا ۴۴۵) میں لکھی ہے لہٰذا یہ حدیث کم از کم صالح للاعتبار ہوگی۔

    (۲) دوسرے نمبر کی حدیث پر امام ترمذی رحمہ اللہ نے ”حسن صحیح“ کا حکم لگایا ہے، نیز یہ حدیث بخاری میں بھی ہے اور تیسرے نمبر کی حدیث پر امام ترمذی رحمہ اللہ نے ”حسن غریب“ کا حکم لگایا ہے۔

    (۳) ان تینوں میں سند کے اعتبار سے سب سے قوی ، دوسرے نمبر کی حدیث ہے، پھر تیسرے نمبر کی حدیث ہے، پھر پہلے نمبر کی حدیث ہے؛ البتہ آپ عمل کرنے کے لئے مذکورہ تینوں حدیثوں کو یاد کرلیں تو بہتر ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند