• معاشرت >> ماکولات ومشروبات

    سوال نمبر: 130

    عنوان:

    چاندی کی ایسی اگوٹھی جس میں میرون رنگ کا یمنی عقیق پتھر لگا ہو‏، پہننا سنت ہے؟

    سوال:

    کچھ لوگ چاندی کی انگوٹھی میں ایک یمنی عقیق پتھر پہنتے ہیں، یہ میرون رنگ کاہوتا ہے۔ کہتے ہیں کہ یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یمنی عقیق پتھر پہنا ہے۔ بریلوی تو سب پہنتے ہیں اور دیوبند کے بھی بڑے بڑے خطیب ہیں جو پہنتے ہیں۔ تو کیا یہ حقیقت میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے یا نہیں؟

    جواب نمبر: 130

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 295/ب=219/ب)

    یمنی عقیق پتھر کے نگینہ کے ساتھ انگوٹھی پہننا رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں۔ ان تمام احادیث کو حفاظ حدیث نے یہ فرمادیا ہے کہ یہ ثابت نہیں۔ جن احادیث میں عقیق کے پہننے کا ذکر ملتا ہے وہ سب حدیثیں بہت ضعیف ہیں. تاہم ضعیف حدیث پر عمل کرتے ہوئے کوئی پہنے تو اس کی گنجائش ہے. اس کی پوری مفصل بحث مرقاة شرح مشکوٰة میں ج:8، ص:274 پر ہے۔ علامہ شامی نے بھی رد المحتار: ج:9، ص519 پر اس کی اجازت دی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند