• معاشرت >> تعلیم و تربیت

    سوال نمبر: 57827

    عنوان: کیا میں انٹرنیٹ پر قرآن پڑھ سکتی ہوں؟ میں جن سے قرآن پڑھ رہی ہوں وہ بہت سارے طلبہ کو قرآن پڑھا رہی ہیں اور میرا قرآن بھی بہت بہتر ہوگیا ہے

    سوال: (۱) کیا میں انٹرنیٹ پر قرآن پڑھ سکتی ہوں؟ میں جن سے قرآن پڑھ رہی ہوں وہ بہت سارے طلبہ کو قرآن پڑھا رہی ہیں اور میرا قرآن بھی بہت بہتر ہوگیا ہے ، لیکن (۲) وہ کہتی ہیں ایام کے دوران میں قرآن نہیں پڑھ سکتی ۔ براہ کرم، حدیث کے حوالے سے رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 57827

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 434-469/N=6/1436-U (۱) جی ہاں! آپ کسی معلّمہ خاتون سے انٹرنیٹ پر قرآن پڑھ سکتی ہیں، بشرطیکہ اس میں صرف آڈیو کی شکل ہو، ویڈیو کی شکل نہ ہو، نیز پڑھنے والی خاتون صحیح العقیدہ ہو (مثلاً ڈاکٹر فرحت ہاشمی صاحبہ نہ ہو) ورنہ اجازت نہ ہوگی۔ (۲) حیض کے ایام میں قرآن پڑھنا ممنوع ہے، حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ حائضہ عورت اور جنبی شخص کچھ بھی قرآن نہیں پڑھ سکتے۔ (ترمذی شریف، ابن ماجہ شریف اور شرح معانی الآثار) اس روایت کو منذری نے حسن قرار دیا ہے اور نووی رحمہ اللہ نے صحیح قرار دیا ہے (البحر الرائق ۱: ۳۴۵ مطبوعہ مکتبہ زکریا دیوبند) اور حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے فرمایا کہ حق بات یہ ہے کہ یہ روایت از قبیل حسن ہے، حجت بن سکتی ہے (معارف السنن ۱: ۴۴۶)؛ کیوں کہ ا سماعیل بن عیاش اس روایت میں منفرد نہیں ہیں؛ بلکہ موسی بن عقبہ سے مغیرہ بن عبد الرحمن نے بھی یہ روایت نقل کی ہے (حوالہ بالا)۔ اور تمام فقہائے احناف، شوافع، حنابلہ اور اکثر علما کا یہی مسلک ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند