• عقائد و ایمانیات >> فرق ضالہ

    سوال نمبر: 22617

    عنوان: آپ حضرات ڈاكٹر ذاكرنائك كے سلسلے میں كیا فرماتے ہیں؟ وضاحت فرماویں؟

    سوال: آپ حضرات ڈاكٹر ذاكرنائك كے سلسلے میں كیا فرماتے ہیں؟ وضاحت فرماویں؟

    جواب نمبر: 22617

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ):592=392-3/1432

    یہ شخص ضالّ ومضلّ ہے، منصوبہ بند طریق پر جدید مواصلتی آلات کے ساتھ اِس کی سرگرمیوں کا خلاصہ یہ ہے کہ (الف) پوری امت کو حضراتِ ائمہ مجتہدین ائمہ اربعہ رحمہم اللہ تعالیٰ رحمة واسعہ کی تقلید سے نکال کر لامذہبیت پر کھڑا کردیا جائے۔(ب) عامة المسلمین کا اعتماد علمائے اعلام پر نہ رہے، اس اعتماد کو مجروح کرنے کی خاطر جو ہتھگنڈے اور حربے استعمال کیے جاسکتے ہوں ان کو استعمال میں لایا جائے۔ (ج) فسق وفجور کے شعائر نیز فساق وفجار کی ہیئت ووضع قطع کی جو نفرت عام مسلمانوں کے ذہن میں ہے اس کو کھرچ دیا جائے۔ (د) شریعت مطہرہ کے احکام ومسائل عقائد واعمال کی تحقیق کرنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کے سلسلہ میں عام مسلمان جو علمائے اعلام سے جڑے ہوئے ہیں، ان مسلمانوں کا رشتہ علمائے کرام سے کاٹ کر ذاکر نائک او ران کے ہی قماش کے ڈاکٹروں سے جوڑدیا جائے، وغیرہ وغیرہ ”حقیقت ذاکر نائک“ ایک کتاب ہے، حضرت مولانا سید خلیق ساجد صاحب مدظلہ بخاری کی تصنیف ہے، پاکستان کے کتب خانوں میں قیمتاً دستیاب ہے، اس کو حاصل کرکے اطمینان سے دو چار مرتبہ مطالعہ کریں، اس کے بعد کوئی اشکال رہے تو اس کو لکھیں، اس وقت ان شاء اللہ مزید تفصیل سے جواب لکھ دیا جائے گا۔ 


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند