• عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ

    سوال نمبر: 152893

    عنوان: مروجہ طریقہ تبلیغ کو بدعت کہنا کیسا ہے

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس تنظیم کے بارے میں جو مروجہ طریقہ تبلیغ کو بدعت کہتا ہواور جماعت میں وقت لگانے کو ناجائز کہتا ہو۔ ہمارے اپنے علماء کرام(قاسمی، دیوبندی )نے ایک تنظیم بنائی ہے جس کا نام ہے "مجلس اصلاح امت" ۔یہ لوگ سرے سے ہی تبلیغی جماعت کو غلط کہ رہے ہیں۔ اصل میں یہ ہماری ہی مکتب فکر کے علماء ہے جو یہ کام کر رہے ہیں ۔تو ہم لوگ تذبذب کا شکار ہے کہ انکا ساتھ دیں یا نہیں۔اور اکثر علماء قاسمی ہی ہیں۔انکا ایک گروپ ٹیلی گرام پر بھی ہے جس کی لنک یہ ہے (عالمی مجلس اصلاح امت https://t.me/aalmi_majlis_islah_e_ummat) گذارش یہ ہے کہ آپ ہماری رہنمائی فرمائیں کہ ہم لوگ اس تنظیم کا ساتھ دیں یا نہیں؟

    جواب نمبر: 152893

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1126-1281/N=12/1438

    یہ بات صحیح ہے کہ بعض لوگ تبلیغی جماعت کو سرے سے ناجائز وبدعت اور غلط کہتے ہیں؛ لیکن دار العلوم دیوبند اور مظاہر علوم سہارن پور کے اکابر علمائے دیوبند شروع سے اس جماعت کو اہل السنة والجماعة کی دینی جماعت اور امت مسلمہ کے حق میں مفید قرار دیتے آئے ہیں ؛ کیوں کہ تبلیغی جماعت میں تعلیم ،مشورہ، گشت وغیرہ کی قبیل کی جتنی چیزیں ہیں، وہ محض اسباب وذرائع کی حیثیت رکھتی ہیں، اصل ومقصود بالذات چیزیں نہیں ہیں، اصل چیز خود اپنے اندر اور دوسروں میں دین کی فکر اور تڑپ پیدا کرنا اور خود بھی پورے دین پر سو فیصد عمل کی کوشش کرنا اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دینا ہے اور جماعت سے جڑے ہوئے بعض افراد کی کسی غلطی یا غلط فہمی کو پوری جماعت کی طرف منسوب کرنا صحیح نہیں ہے؛ اس لیے جو لوگ تبلیغی جماعت کو سرے سے ناجائز وبدعت اور غلط کہہ رہے ہیں، ان کا موقف صحیح نہیں، آپ ایسے لوگوں کی باتوں کی طرف کوئی توجہ ودھیان نہ دیں اور نہ ان کا ساتھ دیں۔ اور جماعت میں جزوی طور پر جو خامیاں پائی جاتی ہیں، دار العلوم دیوبند کے اکابر حضرات اور مسلک دار العلوم دیوبند سے وابستہ اہل علم حضرات وقتاً فوقتاً اپنے فتاوی، عام تحریرات اور بیانات میں اعتدال کے ساتھ ان خامیوں کی نشان دہی کرتے رہتے ہیں اور حتی المقدور ان کی اصلاح کی بھی سعی وکوشش کرتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند