• عبادات >> زکاة و صدقات

    سوال نمبر: 176210

    عنوان: 20 سال سے زكاۃ نہیں دی اب كس طرح ادا كریں؟

    سوال: میں( بنت مشتاق، عمر 40 سال غیرشادی شدہ) 5.061 تولہ سونا اور 4.468 تولہ چاندی اور11154 روپے کی مالک ہوں. 4.304 تولہ سونا اور4.468 تولہ چاندی میرے پاس 20 سال سے ہے ، اور روپئے اس سال جمع ہوئے ہیں، اس مال پر زکوٰة کتنی اور کتنے سال کی دینی ہو گی؟

    جواب نمبر: 176210

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:445-354/sd=6/1441

    جب سے آپ صاحب نصاب ہیں، اس وقت سے حساب لگاکر ہر سال کی زکات نکالنا آپ پر واجب ہے، سونے اور چاندی کو ملا کر جو مجموعی قیمت بنتی ہے اس کا ڈھائی فیصد ایک سال کی زکاة میں ادا کرنا ہوگا، اس طرح آپ بیس سال کا حساب لگا لیں ؛ البتہ اِس کا لحاظ رکھیں کہ پہلے سال زکات کی جتنی رقم نکالنا واجب تھی، دوسرے سال کی زکاة کا حساب لگاتے ہوئے کل مالیت میں سے اُتنی رقم منہا کی جائے گی، اسی طرح تیسرے سال کی زکاة کا حساب لگاتے ہوئے کل مالیت میں سے پہلے اور دوسرے سال میں واجب شدہ زکات کی رقم منہا کی جائے گی، اس طرح بیس سال کا حساب لگائیں اور فی الحال آپ کے پاس جو نقدی رقم ہے، اِمسال کے زکات کے حساب میں یہ رقم بھی شامل کی جائے گی اور رقم کی بھی زکات نکالنی ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند