• عبادات >> زکاة و صدقات

    سوال نمبر: 149846

    عنوان: شادی میں بیوی کو ملے زیورات اور بچی کے لیے خریدے گئے زیورات کی زکات کس پر فرض ہے؟

    سوال: میری شادی کو ۸/ سال ہو گئے، شادی میں میری بیوی کو جو سونا چاندی ملے اور کچھ رشتہ داروں نے زیور دئیے اور کچھ سونا زیور میں نے اپنی بچی کے لیے لیا اور اس زیور کا بھی حق دار بیوی کو دیا تو اس کی زکات کسے دینی ہوگی بیوی کو یا شوہر کو؟ اور سونا میں نے اگر بیٹی کی شادی کے لیے لیا تو اس پر بھی زکات دینی ہوگی؟

    جواب نمبر: 149846

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 776-741/sn=7/1438

    (الف) آپ کی بیوی کو شادی کے موقع پر جو زیورات (سونا، چاندی) ملے ہیں اگر انھیں یہ زیورات تملیکاً دیئے گئے ہیں تو ان زیورات کے، اسی طرح رشتے داروں نے انھیں جو زیورات دیئے ہیں سب کے آپ کی بیوی ہی مالک ہیں، ان تمام زیورات کی زکات آپ کی بیوی ہی کو ادا کرنی ہوگی بہ شرطے کہ وہ زیورات قدرِ نصاب کو پہنچے؛ باقی اگر آپ ان کی طرف سے ان کی اجازت سے تبرعاً ادا کردیں تو اس میں بھی کوئی حرج نہیں ہے، آپ نے اپنی بچی کے لیے جو زیور خریدا ہے اگر آپ نے بچی کو گفٹ کرکے اس کا اسے مالک بنادیا ہے تو بچی اس کی مالک ہوگئی ہے، اگر بچی بالغہ ہے نیز وہ زیور تنہا یا دیگر قابل زکاة اثاثہ سے مل کر قدرِ نصاب کو پہنچ رہا ہو تو اس کی زکات بچی پر واجب ہے، اگر بچی چھوٹی اور نابالغہ ہے تو اِس کی زکات اس وقت لازم نہیں ہے، بچی کے بالغہ ہونے کے بعد لازم ہوگی۔ اگر آپ نے بچی کو گفٹ کرکے مالک نہیں بنایا نیز بیوی کو بھی مالک نہیں بنایا؛ بلکہ وہ آپ ہی کی ملکیت میں ہے تو اس کی زکات حسب شرائط آپ پر لازم ہوگی۔

    (ب) بچی کے زیور کی حقدار بیوی کو بنانے کاکیا مطلب ہے؟اس کی وضاحت کی جائے تو اس سے متعلق بھی حکمِ شرعی تحریر کیا جاسکتا ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند