• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 156023

    عنوان: عورت کا محرم کی اجازت کے بغیر سفر کرنا

    سوال: (۱) کیا عورت کا محرم کی اجازت کے بغیر گھر سے نکلنا جائز ہے یا نہیں؟ چاہے وہ دین کی نیت سے ہو۔ (۲) پہلی بات کہ کیا وہ اپنے شہر میں نکل سکتی ہے مرد کی اجازت کے بغیر؟ دوسری بات کہ اپنے شہر سے باہر جاسکتی ہے اپنے محرم کی اجازت کے بغیر؟ دین کی نیت سے یا اس کے کام کے لیے اسے سیکھنے کے لیے۔

    جواب نمبر: 156023

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:191-293/sn=4/1439

    (۱،۲) جو عورت شادی شدہ ہے اور شوہر کے یہاں رہتی ہے اس کے لیے شوہر کی اجازت کے بغیر گھر سے باہر نکلنا شرعاً جائز نہیں ہے، اگرچہ دین سیکھنے سکھانے یا کسی اور نیک مقصد سے ہو الا یہ کہ بیوی کے ساتھ کوئی ایسا مسئلہ پیش آجائے جس کا حکم شرعی معلوم ہونا ضروری ہو اور شوہر کو اس کا حکم معلوم نہ ہو اور نہ ہی وہ اس بات پر آمادہ ہو کہ کسی عالم سے معلوم کرکے بیوی کو بتلائے تو ایسی صورت میں بیوی کے لیے درپیش مسئلے کا حکم شرعی معلوم کرنے کے لیے کسی عالم کے پاس جانا جائز ہے، اگرچہ شوہر اس کے لیے اجازت نہ دے۔ اگر عورت شادی شدہ نہیں ہے تو اگرچہ کسی کو اس پر حق حبس مذکورہ بالا طریقے سے نہیں ہے لیکن پھر بھی اسے اپنے ولی (مثلاً والد، دادا) سے اجازت لے کر ہی باہر جانا چاہیے خواہ مقصد کوئی بھی ہو اور شرعی مسافت سے زیادہ سفر کرنا کسی بھی عورت کے لیے ”محرم“ کی معیت کے بغیر شرعاً جائز نہیں ہے، حدیث میں صراحةً اس کی ممانعت آئی ہے۔ (ملخص ما فی رد المحتار علی الدر المختار: ۵/ ۳۲۳إلی ۳۲۵، ط: زکریا، وغیرہ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند