• عبادات >> اوقاف ، مساجد و مدارس

    سوال نمبر: 172685

    عنوان: مسجد كے داخلی وخارجی حصے كی تعیین

    سوال: حضرت اک مسئلہ یہ ہے کہ بندہ کے شہر میں ایک مسجد ہے ،بندہ کے اس علاقے میں آنے سے پہلے وہ مسجد زیادہ آباد نہیں تھی اب بحمد اللہ کافی آباد ہے لیکن ایک مسئلہ یہ ہے کہ بندہ نے اس مسجد کو اصل حالت میں نہیں دیکھا ہے اور اس میں کچھ تبدیلی ہو چکی ہے اب بندہ چونکہ انتظام مسجد میں کسی قدر دخیل ہو گیا ہے تو فکر لاحق ہوئی کہ داخل مسجد اور خارج مسجد میں فرق کردیا جائے تو پرانے حضرات سے پورانی ہیئت کے متعلق پوچھنے پر یہ تفصیل سامنے آئی ہے ۔ مغرب کی جانب داخلہ کا دروازہ تھا دروازہ کے بعد جانب جنوب میں استنجاء خانہ تھا استنجاء خانہ کے بعد اک کھلا میدان تھا جس کے جنوب اور شمال کی جانب چار چار فٹ کی دیوار تھی اور جنوب والی دیوار ہی میں مغرب سے مشرق کی سمت میں لمبائی میں وضوخانہ تھا پھر میدان کے بعد لگ بھگ تین فٹ کا برآمدہ تھا پر برآمدہ کے بعد ایک مسقف عمارت تھی جو چہار جانب بند تھی اس میں دروازہ بھی تھا اسمیں جماعت ہوتی تھی۔اب مسجد کی پرانی ہئیت میں صرف یہ تبدیلی ہوئی ہے کہ اس میدان کی فرش کو اب سیمینٹیڈ کر دیا ہے اور اور ٹین کی چھت ڈال دی ہے باقی وضوخانہ اور اس میدان کی دیوار ویسی ہی ہیں۔اور پہلے اس برآمدہ میں کسی صاحب کی قبر بھی تھی جسے ہٹاکر میدان کے آخر میں کر دیا ہے اور برآمدہ کے بعد مسقف عمارت میں داخل ہونے کا جو دروازہ تھا اسے وہاں سے ہٹاکر برآمدہ کے شروع میں لگا دیا ہے ۔یہ تبدیلی کرنے والے مسائل سے ناواقف حضرات تھے اب سوال یہ ہے کہ اس مسجد کا داخلی حصہ اور خارجی حصہ کونسا ہے ۔کیا وہ میدان جو اب پکا فرش والا اور مسقف ہو چکا ہے وہ اب بھی خارجی ہی رہیگا وہاں جماعت ثانیہ ہو سکتی ہے ؟ وضوخانہ اسی پرانی جگہ پر میدان ہی میں ہے ۔ براے کرم بندہ کی رہبری فرمائیں۔

    جواب نمبر: 172685

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1362-1132/H=12/1440

    مقامی یا قریبی دو تین مستند ثقہ علماء کرام اصحاب فتویٰ حضرات سے درخواست کردیں وہ حضرات موقع محل کا معائنہ فرمالیں گے اور مسجد کے ذمہ داران اور پرانے مقتدیوں سے تحقیق کر لیں گے اور اس کے بعد داخل مسجد اور خارج مسجد حصوں وغیرہ کی تعیین کردیں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند