• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 174094

    عنوان: سورہ الکوثر کے كیا فضائل ہیں؟

    سوال: امید ہے مزاج بخیر ہوں گے۔ مولانا میں سورہ الکوثر کے تمام منقول فضائل جاننا چاہتا ہوں ۔برائے مہربانی مجھے تمام فضائیل سے آگاہ کریں بڑی نوازش ہوگی۔ شکریہ

    جواب نمبر: 174094

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 166-134/D=03/1441

    قرآن کریم کی تمام آیتوں اور تمام سورتوں سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ وہ اللہ تعالی کاکلام ہے کلام الملوک ملوک الکلام۔ احادیث شریف میں قرآن کریم کی ہر آیت یا ہر سورت کے فضائل منقول نہیں ہیں اسی بنا پر سورہ کوثر کے بھی فضائل الگ سے نہیں منقول ہیں پورے قرآن کے جو فضائل ہیں وہ اس سورت کے لئے بھی ہیں۔

    البتہ اس سورت کی شان نزول کے سلسلہ میں وارد ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پسری (نرینہ) اولاد نہ رہنے کے سبب بعض کفار نے آپ کو العیاذ باللہ! ابتر مقطوع النسل ہونے کا طعنہ دیا تو اللہ تعالی نے اس سورت کے ذریعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آخرت میں خیر کثیر یا حوض کوثر دیئے جانے کی بشارت سنائی۔

    اور دنیا میں بھی یہ بشارت دی گئی کہ صرف نرینہ اولاد کے نہ رہنے سے آپ کو مقطوع النسل یا مقطوع الذکر کہنے والے حقائق سے بے خبر ہیں آپ کی نسل نسبی بھی ان شاء اللہ دنیا میں تاقیامت باقی رہے گی اگرچہ دختری اولاد سے ہو اور نسل معنوی یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے والے مسلمان جو درحقیقت نبی کی اولاد معنوی ہوتے ہیں وہ تو اس کثرت سے ہوں گے کہ پچھلے تمام انبیاء کی امتوں سے بڑھ جائیں گے اور اس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اللہ کے نزدیک مقبول اور مکرم و معظم ہونا بھی مذکور ہے۔ مزید تفصیل کے لئے معارف القرآن آخری جلد کا مطالعہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند