• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 173509

    عنوان: بعض مرتبہ ناپاكی كی حالت میں کھانا پکانا پڑجاتا ہے‏، ایسے میں دعا درود اور قرآن کی آیات عادۃً زبان پر آجانے كا كیا حكم ہے؟

    سوال: ایک سوال یہ ہے کہ کئی بار مستورات کے اوپر غسل واجب ہوتا ہے مگر ٹھنڈ یا جلدی کی وجہ سے غسل میں تاخیر ہو جاتی ہے ،ایسے میں گھر کے کام جیسے کہ کھانا پکانا اگر پڑجائے تو اس میں درود اور قرآن کی آیات عادتاً زبان پر آ جاتے ہیں، برائے کرم رہنمائی فرمائیں کہ کیا ایسی ناپاکی (جس پر غسل واجب ہو، حیض یا جنابت) کی حالت میں دل اور زبان سے قرآن کی آیات پڑھ سکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 173509

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 95-67/H=01/1441

    جب غسل کرنا واجب ہو جائے تو جس قدر جلد سے جلد ہو سکے غسل کر لینا چاہئے تاہم کسی عارض ٹھنڈ وغیرہ کی وجہ سے نہ کر سکے تو کچھ گناہ نہیں بس اس کا لحاظ رکھے کہ نماز ضائع نہ ہو۔ غسل واجب ہونے کی حالت میں کھانا پکانا یا دیگر کام کاج کرنا بلا کراہت درست ہے؛ البتہ تلاوتِ قرآن جائز نہیں۔ ازقبیل دعاء کوئی آیت زبان پر آجائے تو بہ نیت دعاء پڑھ لینے کی گنجائش ہے، درود شریف پڑھنا بھی مکروہ نہیں ہے بلکہ جائز ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند