• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 166573

    عنوان: سورہ اخلاص کے فوائد و فضائل

    سوال: مفتی صاحب میں نے سورہ اخلاص کے فوائد/ فضائل کے متعلق کہیں انٹرنیٹ پر پڑھا ہے کہ جو شخص روزانہ دو سو مرتبہ باوضوسورہ اخلاص پڑہے اسے 9 فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ 1۔ اللہ رب العزت 300 دروازے غضب کے بند کردے مثلاً دشمنی’ قہر، فتنہ وغیرہ۔ 2۔ تین سو دروازے رحمت کے کھول دے گا۔ 3۔ تین سو دروازے رزق کے کھول دے گا’ اللہ تعالیٰ اپنے غیب سے رزق دے گا۔ 4۔ بغیر محنت کے اللہ پاک اپنے علم سے علم دے گا۔ اپنے صبر سے صبر اور اپنی سمجھ سے سمجھ دے گا۔ 5۔ چھیاسٹھ مرتبہ قرآن پاک کے ختم کرنے کاثواب دے گا۔ 6۔ پچاس سال کے گناہ معاف ہوں گے ۔ 7۔ اللہ پاک جنت میں بیس بنگلے دے گا’ یاقوت، مرجان، زمرد کے بنے ہوئے ہوں گے ’ ہر بنگلے کے ستر ہزار دروازے ہوں گے ۔8۔ دو ہزار رکعات نفل پڑھنے کا ثواب ملے گا۔ 9۔ جب بھی مریں گے تو جنازے میں ایک لاکھ دس ہزار فرشتے شمولیت کریں گے ۔۔ پوچھنا یہ پوچھنا ہے کہ کیا یہ فضائل کسی حدیث مبارکہ سے ثابت ہیں یا کسی بزرگ سے بیان کردہ ہیں آپ اس کے بارے میں کیا فرماتے ہیں؟ تفصیلی جواب سے مرحمت فرمائیں بہت شکریہ ۔ میں سورہ اخلاص کو اپنا وظیفہ اور ورد بنانا چاہتا ہوں۔

    جواب نمبر: 166573

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 172-254/SN=04/1440

    درمنثور وغیرہ میں سورہٴ اخلاص کی بہت سی فضیلتیں مذکور ہیں؛ لیکن مذکور فی السوال فضائل پر مشتمل کوئی روایت نہیں ملی، جب تک کسی مستند کتاب میں اس طرح کے فضائل کا ذکر نہ ملے محض انٹرنیٹ پر موجود ہونے کی بنا پر ان کا اعتقاد نہ رکھیں؛ باقی سورہٴ اخلاص کو اپنے وظیفے میں شامل کرسکتے ہیں، معتبر روایات میں اس کے دیگر بہت سے فضائل وارد ہوئے ہیں مثلاً ایک روایت میں ہے جو شخص دوسو مرتبہ سورہٴ اخلاص کی تلاوت کرے گا اس کے دوسو سال کے گناہ معاف ہو جائیں گے (شعب الایمان، رقم: ۲۳۱۱۰) ایک روایت میں ہے: جس شخص نے ”قل ھو اللہ أحد“ پڑھا اس نے گویا تہائی قرآن پڑھا، الحدیث (الدر المنثور: ۸/۶۷۴) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند