• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 164758

    عنوان: مائك میں قرآن خوانی كرنا

    سوال: ہمارے علاقہ میں یہ معمول ہے کہ کسی گھر میں حفاظ کرام جاکر مایک میں پوری رات قرآن خوانی کرتے ہیں جبکہ دیگر لوگوں کو تکلیف بھی ہوتی ہے ،نیز ان کو ہدیہ دیا جاتاہے تو کیا یہ جائز ہے ،مدلل وضاحت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 164758

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1473-1229/D=12/1439

    اجتماعی طور پر قرآن خوانی کرنا اس کے لیے جمع ہونا مختلف مفاسد کی بنا پر منع ہے کہ ریا ونمود پایا جاتا ہے لوگ شرماحضوری کے طور پر جمع ہوتے اور پڑھتے ہیں صدق واخلاص جو تلاوت قرآن کا مقصود ہے مفقود ہوجاتا ہے پھر صورت مسئولہ میں جو طریقہ مائک پر پوری رات پڑھنے کا یہ تو بالکل خلاف شرع اور باعث ایذا کا ہے، سونے والوں معذور ومریض لوگ اور عام انسانوں کے راحت وآرام میں خلل کا موجب ہے۔ اور اس پڑھنے پر معاوضہ لینا خواہ ہدایا کے طور پر ہو جائز نہیں کیونکہ ثواب اس پڑھنے پڑھانے پر ملتا ہے جو بلامعاوضہ ہو پھر جب پڑھنے والے کو ثواب نہ ملے گا تو وہ دوسروں کو بخشے گا کیا؟


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند