• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 163661

    عنوان: ”الفرقان“ نامی کتاب سے کیا قرآن کی صداقت مشکوک ہوجاتی ہے؟

    سوال: قرآن مجید میں آیا ہے جس کا مفہوم کچھ اس طرح ہے کہ کوئی بھی اس جیسی ایک سورت بھی نہیں لاسکتا۔ جبکہ شام کے صدر بشارالاسد نے پورا قرآن مجید جیسا نسخہ الفرقان کے نام سے بنا کر چھپوا دیا ہے ۔ کیا اس طرح قرآن مجید کی صداقت (معاذاللہ)مشکوک نہیں ہوجاتی۔

    جواب نمبر: 163661

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1145-988/SN=1/1440

    جی ہاں! قرآن کریم نے آیت کریمہ ”فأتوا بسورة من مثلہ“ (البقرة) میں چیلنج کیا ہے کہ کوئی بھی اس جیسی ایک سورة (خواہ کتنی چھوٹی ہو) بھی نہیں لاسکتا، اور یہ چیلنج بالکل برحق ہے، نہ سابق میں کسی کے بس میں یہ بات رہی کہ قرآن کریم جیسی کوئی کتاب؛ بلکہ اس کی ایک آیت جیسی کوئی آیت لاسکے اور نہ آئندہ کوئی ایسا کرسکے گا، اگر بشار الاسد نے واقعةً یہ ناپاک کوشش کی ہے تو اس کی تیار کردہ کتاب معنویت اور بلاغت وغیرہ میں ہرگز ہرگز قرآن کریم کے برابر، بلکہ اس کے پاسنگ کو بھی نہیں پہونچ سکتی، کفار مکہ وغیرہ میں سے بعض نے بھی اس طرح کی کوشش کی بھی؛ لیکن وہ عاجز رہے، ان کا تیار کردہ کلام قرآن جیسا بالکل نہ ہوسکا جب کہ ان (کفار مکہ وغیرہ) کی بلاغت اور قادر الکلامی معروف تھی، بہرحال اس طرح کی ناپاک کوششوں سے قرآن مجید کی صداقت کسی درجے میں بھی مشکوک نہیں ہوتی؛ بلکہ اور مضبوط ہوتی ہے، اس سلسلے میں مزید تفصیلات کے لئے معارف القرآن سے مذکورہ بالا آیت کی تفسیر کا مطالعہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند