• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 172644

    عنوان: (۱) اولاد کو ولی اللہ بنانا (۲) دنیا کی محبت سے چھٹکارہ

    سوال: اگر کسی شخص نے اپنی اولاد کو ولی اللہ بنانا ہو تو اس کے لیے کسی تربیت کرنی پڑے گی؟ کیا کرنا پڑے گا؟ تفصیل سے بتائیں۔” آج کے دور میں اللہ کے احکام اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کو اپنانے والا ہی ولی اللہ ہے“، ایسا جواب نہ ہو، مفصل جواب درکارہے۔ دنیا کی محبت سے کیسے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتاہے؟ پیدائش سے لے کر مرنے تک کی تمام سنتوں کے لیے کس کتاب کو پڑھاجائے؟ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 172644

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1371-1133/H=12/1440

    (۱) جو شخص خود اور اُس کی بیوی بچے ہر گناہ سے بچنے اور ہر خیر کے کرنے کا اہتمام کریں تقویٰ طہارت حسن اخلاق حسن عادات کو اپنائیں کسی کی حق تلفی نہ کریں اولاد کو دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنے کی فکر کریں بری صحبت سے خود بھی بچیں اولاد کو بھی بچائیں اولیاء اللہ اور نیکوں کی صحبت میں خود بھی بیٹھیں اولاد کو بھی اکابر کی ہدایات پر عمل کرنے کی ترغیب دیتے رہیں ایسے خوش نصیب گھرانوں میں پیدا ہونے والے پلنے بڑھنے والے بچے ولی اللہ ہوتے ہیں۔

    (۲) اہل حق اکابر و بزرگان دین متبع سنت شیوخ کاملین کی صحبت اور ان سے ربط قوی ان کی ہدایات پر عمل کرتے رہنے سے یہ صفت حسنہ حاصل ہوتی ہے۔

    (۳) اسوہٴ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم (ب) پیارے رسول کی پیاری سنتیں ، یہ دو کتابیں ملاحظہ کرلیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند