• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 170012

    عنوان: ہر وقت کوئی نہ کوئی خوف یا وسوسہ مجھ پہ سوار رہتاہے، مہربانی فرما کر میری اصلاح کردیجئے

    سوال: یہ شاید سوال نہیں ہے بلکہ میرے دل کا حال ہے ، میری بڑھتی ہوئی پریشانی ہے اور انتا لمبا پیراگراف لکھنے کے لیے بہت معذرت خواہ ہوں، میری عمر ۲۱ سال ہے، مجھے بہت ڈر لگتاہے ، ہر وقت موت کا کا خوف میرے سر پر سوار ہوتاہے ، خوف مجھ پر آہستہ آہستہ حاوی ہورہاہے، میرا دل کمزور ہورہاہے، میں چھوٹے بڑے ہر طرح کے گناہوں سے دور رہنا چاہتی ہوں، لیکن خود پہ قابو نہیں ہوتا، ہر چھوٹی بات پر بہت غصہ آتاہے، غصے پر قابو نہیں ہوتاہے، میں غصہ نہیں کرنا چاہتی، روز خود سے وعدہ کرتی ہیں روز توڑتی ہیں، اللہ تعالی کی عطا کردہ ہر نعمت ہے پھر بھی دل میں سکون نہیں ہے، نماز پڑھتی ہوں تو دل میں دنیاوی خیالات آتے ہیں، کوئی نیک کام کروں تو دل میں فوراً دکھاوے کا خیال آتاہے، پردہ کرنے کا سوچتی ہیں تو دل میں خیال آتاہے کہ لوگ کیا سوچیں گے جو کہ ایک فالتو کا بہانہ ہے، میرا ایمان کمزور ہے، میں بہت پریشان رہتی ہوں، سب کہتے ہیں کہ اللہ کا شکر ادا کیا کرو، اس نے سب کچھ دیاہے، بیشک ، اللہ تعالی کاہر حال میں شکرہے دل اور دماغ میں ، لیکن شیطانی خیالات آتے ہیں ، مغرب کے بعد ڈر بڑھنا شروع ہوجاتاہے ، بالوں کے گرجانے سے بے انتہا ڈر لگتاہے۔ غرض کہ ہر وقت کوئی نہ کوئی خوف مجھ پہ سواررہتاہے، مہربانی فرما کر میری اصلاح کردیجئے، کوئی قرآنی آیت یا کوئی عمل جس کے کرنے سے مجھ میں تبدیلی آجائے ، میرا دل مضبوط ہوجائے ، میرا ایمان مضبوط ہوجائے۔ آپ کی احسانمند اور دعا گو ہوں گی۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 170012

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 850-120T/D=09/1440

    انسان کا نفس بہت چالباز اورہوشیار ہے خود سوال اور وسوسے پیدا کرتا ہے اور خود ہی اس کا جواب بھی دے دیتا ہے تاکہ انسان شکوک وشبہات کے دلدل میں پھنسا رہے اور یقین کی دہلیز پر قدم نہ رکھ سکے۔

    جب اللہ تعالی کی سب نعمتیں آپ کو میسر ہیں اور آپ ان پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتی ہیں تو آپ کا ایمان کمزور کیسے ہوا؟ اللہ تعالی کو منعم حقیقی سمجھنا اور اس کے انعامات پر شکر ادا کرنے کی توفیق ملنا یہ تو ایمان کا کمال ہے۔

    ڈرنا، موت سے ڈرنا اللہ تعالی کی پکڑ سے ڈرنا یہ باتیں بھی ایمان کا حصہ ہیں گھبرائیں نہیں نماز اور ذکر اللہ کا اہتمام رکھیں نماز تو پابندی سے آپ پڑھتی ہونگی ایک تسبیح کلمہ طیبہ (لا إلٰہ إلا اللہ کی آٹھ دس مرتبہ کے بعد محمد رسول اللہ پڑھیں) ایک تسبیح درود شریف کی اور یک تسبیح استغفار (استغفر اللہ ربي من کل ذنب واتوب إلیہ) کی دن میں کسی وقت پڑھ لیا کریں۔

    نفس و شیطان لوگوں کا سہارا لے کر بہت سے اچھے اعمال سے مانع بن جاتا ہے اور رکاوٹ پیدا کرتا ہے اس کاعلاج صرف ہمت اور ارادہ ہے یعنی اگر یہ یقین رکھیں کہ بالغ یا قریب البلوغ لڑکیوں کے لئے پردہ کا حکم قرآن پاک کی صریح آیات کے اندر موجود ہے اور احادیث میں اس کی تفصیل وتاکید آئی ہے لہٰذا اپنے عمل سے حکم خداوندی کو پامال کرنا اور گناہوں کا بھاری بوجھ اپنے سر پر لادنا کسی طرح مناسب نہیں اس برے عمل سے توبہ کریں اور ہمت کرکے شرعی پردہ کا اہتمام کریں ان شا ء اللہ آپ دل میں بڑی دولت محفوظ پائیں گی اور ایمان میں قوت محسوس کریں گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند