• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 162955

    عنوان: طریقت کیا چیز ہوتی ہے؟

    سوال: طریقت کیا چیز ہوتی ہے؟ اور مسجد کے اندر یا خانقاہ میں زور زور سے ذکر کرنا اور حلقے بناکر ایسے عمل کرنا کیا شریعت میں جائز ہے؟ اور یہ سلسلے سے بیعت ہونا کیا ہوتا ہے؟

    جواب نمبر: 162955

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1228-1074/D=10/1439

    جس طرح عبادات و احکام بعض ایسے ہیں جو انسان کے ظاہر جسم سے متعلق ہیں مثلاً نماز پڑھنا روزہ رکھنا وغیرہ جھوٹ نہ بولنا غیبت نہ کرنا، حرام خوراک سے بچنا، کسی کا حق نہ دبانا انہیں ظاہر شریعت کے احکام کہتے ہیں۔ اسی طرح کچھ احکام ہیں جو انسان کے باطن سے متعلق ہوتے ہیں مثلاً صبر کرنا شکر بجا لانا دل میں تقویٰ اور خشیت پیدا کرنا ، تکبر، حرص و طمع دور کرنا یہ احکام قلب اور باطن سے متعلق ہیں جس طرح ظاہر احکام نماز روزہ شریعت کے حصہ ہیں اسی طرح باطنی احکام صبر شکر تواضع خشیت کا پیدا کرنا اور تکبر حرص و طمع کو دور کرنا بھی شریعت کا حصہ ہیں جس علم میں باطنی احکام کی تعلیم کی جائے اور اس کا طریقہ بتلایا جائے اسے تصوف اور طریقت کہتے ہیں یہ بھی شریعت کا حصہ ہے۔

    (۲) مسجد یا خانقاہ میں ایسی بلند آواز سے ذکر کرنا جس سے سونے والے یا دوسرے عبادت کرنے والے کو تکلیف یا حرج ہومنع ہے۔ حلقہ بنانا بلند آواز سے ذکر کرنا اگر شریعت کے دائرہ میں ہے تو جائز ہے اگر اس کے خلاف ہے تو منع ہے بغیر پوری تفصیل علم میں آئے بدعت کا حکم نہیں لگا سکتے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند