• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 155928

    عنوان: سلسلہ اویسیہ نقشبندیہ حق پر ہے یا نہیں؟

    سوال: سلسلہ اویسیہ نقشبندیہ حق پر ہے یا نہیں، اس کے عقائداہل سنت والجماعت کے عقائد کے مطابق ہے یا نہیں ۔کیا اس سلسلہ میں بیعت ہوسکتے ہیں اور سانس کے ذریعہ سے ذکر کر سکتے ہیں ۔جواب سے ممنون فرمائیں۔

    جواب نمبر: 155928

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:136-105/N=2/1439

    (۱- ۴): سلسلہ اویسیہ نقشبندیہ کے حاملین کون ہیں؟ ان کے عقائد کیا ہیں؟ اور ان کے یہاں اصلاح نفس اور ذکر وغیرہ کا کیا طریقہ ہے؟ ہمیں معلوم نہیں اور ایسے کسی سلسلہ میں بیعت ہونے، نہ ہونے کے حکم کا مدار بھی حاملین سلسلہ کے عقائد وغیرہ کی تحقیق پر ہے؛ لہٰذا اس سلسلہ کے لوگ جہاں پائے جاتے ہیں، آپ وہاں کے مقامی اہل حق علما ومفتیان کرام سے رجوع کریں؛ البتہ اویسیہ طریقہ کا اصطلاحی معنی یہ ہے کہ جس بزرگ کو کسی دوسرے بزرگ سے روحی فیض حاصل ہو اور بہ ظاہر فیض صحبت حاصل نہ ہوا ہو تو کہا جائے گا کہ بہ طریقہ اویسیہ انھیں فیض حاصل ہے ، اویسیہ: حضرت اویس قرنیکی طرف نسبت ہے ، اورحضرت اویس قرنیکو حضرت اقدس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روحی فیض حاصل ہوا، اور آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ظاہری صحبت انھیں حاصل نہیں ہوئی ؛ البتہ نسبت اویسیت کے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ کوئی شخص حضرت اویس قرنیسے مرید ہوا ہو ؛ کیوں کہ اصطلاح میں اس کے معنی: روحی فیض کے ہیں( تفصیل فتاوی دار العلوم دیوبند، ۱۷: ۵۸- ۶۰، سوال: ۱۱۰۹، مطبوعہ: مکتبہ دار العلوم دیوبند)۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند