• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 43701

    عنوان: نعمان بن ثابت ابوحنیفہ اور امام اعظم کہنے کی کیا وجہ ہے؟

    سوال: نعمان بن ثابت ابوحنیفہ اور امام اعظم کہنے کی کیا وجہ ہے؟

    جواب نمبر: 43701

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 272-212/D=3/1434 امام نعمان بن ثابت رحمہ اللہ زمانہ میں اولیت، درجہ میں افضلیت اور تدوین فقہ میں اسبقیت حاصل کرنے کی وجہ سے امام اعظم کے لقب سے موسوم ہوئے، چنانچہ ائمہٴ متبوعین امام مالک، امام شافعی، امام احمد بن حنبل رحمہم اللہ سے زمانہ میں امام ابوحنیفہ مقدم ہیں۔ صحیح قول کے مطابق امام اعظم ابوحنیفہ رحمة اللہ علیہ تابعی ہیں کیونکہ متعدد صحابہٴ کرام کی زیارت اور ان سے لقاء امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کو حاصل ہے، جب کہ دوسرے ائمہ ثلاثہ تبع تابعی یا اس سے بھی نیچے درجہ میں آتے ہیں، خیر القرون قرنی ثم الذین یلونہم ثم الذین یلونہم کی بنیاد پر امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ درجہ میں ائمہ ثلاثہ سے بڑھے ہوئے ہیں، یہ درجہ میں افضلیت ہے۔ فقہ کے اصول اور مسائل فقہیہ کے استخراج واستنباط کے ضابطے سب سے پہلے امام اعظم ابوحنیفہ رحمہ اللہ نے مدون ومرتب فرمائے۔ امام شافعی رحمة اللہ علیہ کا مقولہ مشہور ہے ”الناس عیال علی أبي حنیفة في الفقہ“ یہ بھی ان کے فضیلت کی ایک وجہ ہے۔ الفضل للمتقدم


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند