• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 2123

    عنوان:

    عبد الوہاب نجدی کون تھا؟ اس کے بارے میں علمائے دیوبند کی کیا رائے ہے تفصیلا جواب عنایت فرمائیں۔

    سوال:

    عبد الوہاب نجدی کون تھا؟ اس کے بارے میں علمائے دیوبند کی کیا رائے ہے تفصیلا جواب عنایت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 2123

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1461/ ھ= 1142/ ھ

     

    (۱) سعودی عرب کے علاقہٴ نجد کے ایک قریہ میں شیخ محمد ابن عبدالوہاب پیدا ہوئے، ۱۱۱۵ھ میں ولادت ہوئی اور نوے (۹۰) سال سے زائد عمر پاکر ۱۲۰۶ھ میں وفات پائی۔

    (۲) اصول دین یعنی اعتقادات و ایمانیات میں شیخ محمد ابن عبدالوہاب نجدی اہل سنت والجماعت کے مسلک سے متعلق ہیں اور فروعات میں حضرت امام احمد ابن حنبل رحمہ اللہ کے مقلد تھے،چاروں ائمہ مجتہدین (امام اعظم ابوحنیفہ، امام شافعی، امام مالک، امام احمد ابن حنبل رحمہم اللہ تعالیٰ رحمة واسعة) میں سے کسی کے مذہب کے مطابق تقلید کرنے والوں پر نکیر نہ کرتے تھے، نہ تقلید ائمہ مجتہدین رحمہم اللہ کو ضلالت و گمراہی قرار دیتے تھے۔ یہ رائے ان کی اصل کتابوں کے ملاحظہ کے بعد حضرات اکابر علمائے دیوبند اور ان کے متبعین کی ہے۔ مزید تفصیل کے لیے حضرت مولانا محمد منظور نعمانی رحمہ اللہ کی کتاب ?شیخ محمد ابن عبدالوہاب کے خلاف پروپیگنڈہ اور ہندوستان کے علماء حق پر اس کے اثرات? ملاحظہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند