• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 147403

    عنوان: مسلك كے سلسلے میں بزرگو كا حوالہ دینا؟

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ کیا حنفی مسلک کے مطابق بزرگان دین جیسے خواجہ غریب نوا ز رحمتہ اللہ علیہ وغیرہم کاحوالہ دینا جائزہے یا نہیں؟

    جواب نمبر: 147403

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 337-249/D=4/1438

     

    حضرت شیخ معین الدین چشتی اجمیری قدس سرہ جنھیں عوام کی زبان میں خواجہ غریب نواز کہا جاتا ہے سلسلہٴ چشتیہ کے عظیم المرتبت بزرگ ہیں اور راہِ طریقت کے بلند پایہ شیخ ہیں، ہندوستان میں اکثریت فقہ حنفی کی ماننے والوں کی ہے جن میں بہت بڑی تعداد طریقت کی لائن میں شیخ معین الدین چشتی اجمیری قدس سرہ کے سلسلے سے وابستہ ہے، فقہ کے اعتبار سے حنفی ہیں اور طریقت کے اعتبار سے چشتی ہیں۔ اکثر اکابر دیوبند چشتی سلسلہ سے وابستہ رہے ہیں یعنی فقہ میں امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے مقلد اور طریقت میں خواجہ معین الدین چشتی کے پیروکار، جہاں تک آپ کے سوال کا تعلق ہے اس میں یہ واضح نہیں ہے کہ خواجہ غریب نواز کا حوالہ کس اعتبار سے دینے کی بات معلوم کررہے ہیں؟ عوام میں بہت سی غیر مستند باتیں ان کی طرف منسوب کرکے مشہور ہیں یا جہلاء صوفیاء نے غیرمعتبر باتیں ان کی طرف منسوب کرنے کی کوشش کی ہیں ان سب چیزوں کو قرآن وسنت اور فقہ پر پیش کرکے حکم معلوم کریں گے اگر صحیح نکلیں گی تب قابل اعتبار یا لائق عمل ہوں گی، آپ حوالہ کے سلسلے میں اپنی بات مزید واضح کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند