• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 164967

    عنوان: اگر بچہ آپریشن سے ہوگا تو بیوی کو نہیں رکھوں گا؟ کہنے کا کیا حکم ہے؟

    سوال: میں جب سات مہینے کے حمل سے تھی تب میں اپنے میکے آئی تھی، تب سے میرے شوہر مجھے دھمکی دیتے تھے کہ آپریشن سے بچہ ہوا تو میں تمہیں ساتھ نہیں رکھوں گا، ہمارا رشتہ ٹوٹ جائے گا، چار دن ہوگئے ہماری ڈلیوری ہوئے اور اللہ کی مرضی سے آپریشن ہی ہوا، جب ہمارے والدین نے میرے شوہر سے پوچھا کہ ڈاکٹر نے کہا ہے کہ کچھ سنگین مسئلہ ہے اور آپریشن کے لیے ہی کہا ہے، نہیں تو کچھ بھی پرابلم ہوسکتی ہے، بچے کو بھی کچھ بھی ہوسکتاہے تو شوہر نے صاف منع کردیا اور کہا اگر آپریشن ہوا تو میں آپ کی بیٹی کو ساتھ میں نہیں رکھ پاؤں گا، میرے والد نے میرے اور میرے بچے کو سوچ کر آپریشن کرادیا ، آج چار دن ہوگئے ہیں نہ تو شوہر نے فون کرکے خیریت معلوم کی اور نہ ہی بچے کے بارے میں پوچھا، سسرا ل والے بھی بس لڑائی کرنے کے لیے ہیں ، کیا اس کے بعد انہوں نے بات نہیں کی؟ آپ بتائیں کہ شوہر اور سسرال والے مجھ پر اور میرے بچے پر ناانصافی نہیں کررہے ہیں؟ اور میرے بچے کے ساتھ حق تلفی نہیں ہورہی ہے؟ جب کہ میں گھر کی بڑی بہو ہوں ، مجھے تین سال کے بعد بچہ ہواہے وہ بھی لڑکا، اور میرے دیور کو لڑکا لڑکی دونوں ہوگئے ہیں، اسے ہم نے بھی بہت پیار کیا ، میرے شوہر بھی اور میرے سسرال والے بھی بہت پیار کرتے ہیں، لیکن آج ہمارے بچے کو چاچا، چاچی ، دادی تو دور اس کے باپ نے بھی ایک بار دیکھنا بھی ضروری نہیں سمجھا۔ ہمیں آپ کے میل کے ذریعہ یہ سمجھانا ہے کہ وہ سبھی ہمارے اور ہمارے بچے کے ساتھ صحیح کررہے ہیں یا غلط؟ آپ کے جواب کا بہت بے صبرے سے انتظار رہے گا، آپ سے گذارش ہے کہ جلد دیں جسے میں اپنے شوہر سے بات کرکے سمجھا پاؤں؟

    جواب نمبر: 164967

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1374-234T/SN=1/1440

    آپریشن سے ولادت ہونا ایک اتفاقی امر ہے، اس میں حاملہ بیوی کا کوئی دخل نہیں ہے، اسے تقدیر کا معاملہ سمجھنا چاہئے؛ لہٰذا آپ کے شوہر کا یہ کہنا کہ ولادت آپریشن سے ہوگی تو وہ اپنی بیوی (آپ کو) نہیں رکھے گا، انتہائی بداخلاقی کی بات ہے، اسے یہ سوچنا چاہئے کہ (اللہ نہ کرے) اگر اس کو کوئی بیماری لاحق ہو جاتی، نتیجةً اسے آپریشن کے مرحلے سے گذرنا ہوتا اور اس کی بنیاد پر بیوی یہ کہتی کہ آپ کا چونکہ آپریشن ہوا ہے؛ اس لئے ہم تمہارے ساتھ نہیں رہیں گے تو اس پر کیا گذرتی؟ اور آپ کے شوہر کا اتنے دن گذرنے کے باوجود اپنے نومولود بیٹے کی خبر تک نہ لینا تو اور بھی افسوسناک ہے، اسے (آپ کے شوہر) کو چاہئے کہ جو کچھ ناراضگی ہے اسے پس پشت ڈال کر اپنی بیوی ، بچے کے ساتھ پیار و محبت کی زندگی گذارے، صحت و بیماری اور باہمی رنجش کا کچھ نہ کچھ سلسلہ تو انسانی زندگی میں لگا ہی رہتا ہے، اس کی وجہ سے کسی کا اپنی بیوی کو طلاق دینے پرآمادہ ہو جانا؛ بلکہ اپنے بال بچوں سے بھی دوری اختیار کئے رہنا بالکل مناسب نہیں ہے۔

    نوٹ: آپریشن سے بچہ ہوا ․․․․ تو ہمارا رشتہ ٹوٹ جائے گا، یہ یا اس جیسا کوئی اور جملہ اگر آپ کے شوہر نے بہ نیت طلاق کہا ہو تو اس کی وضاحت کرکے دوبارہ سوال کیا جائے اور اوپر بیوی (آپ کو ) ساتھ رکھنے کے سلسلے میں جو کچھ لکھا گیا ہے، اسے کالعدم سمجھیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند