• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 153599

    عنوان: كیا طلاق ملنے كے بعد میں اپنا جہیز واپس لینے کی حقدار ہوں؟

    سوال: حضرت! میرا نام عشی بنت مرحوم حاجی عبد القیوم صاحب ہے۔ میری شادی ۱۵/ سال پہلے شریعت کے مطابق میرے والد اور والدہ نے کردی تھی جس کے بعد میں نے اپنی سسرال میں رہنا شروع کردیا، میری شادی کے پانچ روز کے بعد مجھے پتا چلا کہ میرے شوہر شراب پیتے ہیں جس کی شکایت میں نے اپنی ساس ، سسر اور والد، والدہ سے کری لیکن سب نے مجھے عزت کا واسطہ دے کر خاموش کردیا۔ کچھ دن ایسے ہی چلتا رہا۔ پھر مجھے پتا چلا کہ وہ جوا بھی کھیلتے ہیں، پھر مجھے عزت کا واسطہ دے کر خاموش کر دیا گیا۔ ان کی حرکتیں اور بڑھتی گئیں، سب لوگوں نے مجھے خاموش رہنے کو کہا، پھر انہوں نے میرے ساتھ مار پیٹ شروع کردی، ان کی ہمت بڑھتی گئی، انہوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ گھر پر ہی شراب پینا اور جوا کھیلنا شروع کردیا۔ میرے ساتھ لگاتار مار پیٹ کرنا اور دوسری عورتوں کے ساتھ بھی کام کرنا شروع کردیا۔ اللہ نے مجھے ایک بیٹا دیا ۔میں نے سوچا کہ میرے شوہر اب سدھر جائیں گے لیکن وہ نہیں سدھرے ،اور الٹا انہوں نے مجھے میرے گھر سے ملا زیور ، تانبے اور پیتل کا سارا سامان بیچ دیا، اور مجھے مار پیٹ کر میرے والد پر دباوٴ بنا کر پیسہ مانگتے رہے، کئی بار میرے شوہر نے میرے بچے کے ساتھ مجھے گھر سے باہر نکال دیا۔ جب ان کی مرضی ہوتی تو نکال دیتے اور میرے گھر والوں سے معافی مانگ کر مجھے واپس لے آتے۔ میرے والد کے انتقال کے بعد جب میں اپنی سسرال واپس گئی تو میرے سسرال والوں نے مجھے بہت مارا جس کی اطلاع میری امی اور میرے بھائی کو ہوئی۔ اس کے بعد میری امی اور میرے بھائی نے مجھے لینے میری سسرال پہنچ گئے تو میرے شوہر نے مجھے بھیجنے سے انکار کردیا، میری امی کے ضد کرنے پر انہوں نے کہا یہ یہاں سے جائے گی تو طلاق ہو جائے گی، اس کے بعد انہوں نے مجھے تین بار طلاق منہ سے بول کر دے دی، طلاق میں نے قبول بھی کرلی، جس کا اقرار انہوں نے میرے ماموں کی لڑکی کے سامنے کرا ہے۔ میں نے عدت بھی پوری کرلی تھی، اب وہ چاہتے ہیں کہ میں ان کے ساتھ رہوں، اس بات کو چار سال ہو چکے ہیں۔ چار سال سے ہم دونوں الگ ہیں، میں معلمہ کی نوکری کرکے اپنے بیٹے کی پرورش کر رہی ہوں۔ (۱) میں یہ جاننا چاہتی ہوں کہ کیا میری طلاق ہو چکی ہے؟ (۲) کیا اب میرا ان کے ساتھ رہنا شریعت کے حساب سے صحیح ہے؟ (۳) کیا میں اپنا جہیز واپس لینے کی حقدار ہوں؟ (۴) کیا میرا سارا جہیز مجھے واپس ملنا چاہئے؟ (۵) مجھے مہر کی رقم نہیں چاہئے۔ مہربانی کرکے میرے ان سوالوں کا جواب دیں۔

    جواب نمبر: 153599

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1308-1198/H=11/1438

    (۱) اگر شوہر نے تین طلاق دیدیں اور تین طلاق دینے کا وہ اقرار بھی کرتا ہے تو نکاح بالکلیہ ختم ہوگیا بعد انقضائے عدت علاوہ شخص مذکور کے آپ (عرشی) جہاں چاہیں اپنا عقد ثانی کرسکتی ہیں شوہر مذکور فی السوال کے ساتھ رہنا اب جائز نہیں بلکہ حرام ہے۔

    (۲) نمبر ایک کے تحت جواب آگیا۔

    (۳) جہیز واپس لینے کا آپ کو حق ہے۔

    (۴) جہیز جس حالت میں موجود ہے وہ سب آپ کو ملنا چاہیے۔

    (۵) اگر شوہر نے مہر ادا نہ کی تھی تو اس کی ادائیگی بھی بذمہٴ شوہر واجب ہے آپ اگر نہ لینا چاہیں تو یہ آپ کی مرضی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند