• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 940

    عنوان: منی مذی اور ودی میں کیا فرق ہے؟ کیا یہ مرد و عورت میں ایک جیسی ہوتی ہیں؟

    سوال:

    میں منی ، مذی اور ودی کی تعریف جاننا چاہتی ہوں۔

    کیا یہ مرد و عورت میں ایک جیسی ہوتی ہیں؟

    ان میں سے ہر ایک سے پاکی حاصل کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

    اگر بدن پر یا کپڑے پر لگی تو کیسے پاک کریں؟

    جواب نمبر: 940

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى:  400/م = 397/م)

     

    منی، مذی اور ودی میں فرق یہ ہے کہ مرد کی منی غلیظ اور سفید رنگ کی ہوتی ہے اور عورتوں کی منی پتلی اور زرد رنگ کی گولائی والی ہوتی ہے، مردوں کی لمبائی میں پھیلتی ہے۔ منی لذت سے شہوت کے ساتھ کود کر نکلتی ہے اس کے بعد عضو کا انتشار ختم ہوجاتا ہے، اس میں خرما کے شگوفہ جیسی بو اور چپکاہٹ ہوتی ہے۔ مذی پتلی سفیدی مائل ہوتی ہے، شہوت کے وقت بغیر شہوت کے نکلتی ہے اس کے نکلنے پر شہوت قائم رہتی ہے جوش کم نہیں ہوتا بلکہ زیادہ ہوجاتا ہے۔ ودی سفید گدلے رنگ کی گاڑھی ہوتی ہے جو پیشاب کے بعد اور کبھی اس سے پیشتر اور کبھی جماع یا غسل کے بعد بلا شہوت نکلتی ہے:

    أولھا خروج المني وھو ماء أبیض ثخین ینکسر الذکر بخروجہ یُشبہ رائحة الطلع ومني المرأة رقیق أصفر? مذي وہو ماء أبیض یخرج عند شھوة لا بشھوة ولا دفق ولا یعقبہ فتور? ودي وہو ماء أبیض کدر ثخین لا رائحة لہ یعقب البول وقد یَسبَقُہ (طحطاوي علی مراقي الفلاح)

    منی کے خروج سے غسل واجب ہوتا اور مذی اور ودی سے غسل واجب نہیں ہوتا صرف وضو ٹوٹ جاتا ہے، اور بدن یا کپڑے میں جس جگہ منی، مذی یا ودی لگ جائے اس کو پاک پانی سے دھونے سے وہ جگہ پاک ہوجاتی ہے، ناپاکی کا جِرم دور ہونا شرط ہے اگر ایک بار میں زائل نہ ہو تو تین بار دھل لینا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند